امریکہ میں ویٹیکن کا سفارت کار چائلڈ پورنوگرافی رکھنے کی وجہ سے گرفتار

 
0
451

ویٹی کن سٹی،09اپریل(ٹی این ایس):پچھلے سال واشنگٹن کے سفارت خانے میں خدمات سر انجام دینے والے ویٹیکن کے ایک سفارت کار کارلو ایلبرٹو کپیلا کو بچوں کا فحش مواد رکھنے کے سلسلے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کارلو ایلبرٹو کپیلا کو ویٹیکن کے گارڈز نے گزشتہ روز انہیں حراست میں لے لیا۔ اس بارے میں جاری کردہ ویٹیکن کے بیان میں بتایا گیا کہ وہ اس وقت حراست میں ہیں اور انہیں وسیع پیمانے پر چائلڈ پورنوگرافی رکھنے کے سبب گرفتار کیا گیا ہے۔ کپیلا پر ویٹیکن کے قوانین کے تحت فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔2013 کے ایک قانون کے مطابق ایسے جرائم کی سزا ایک تا پانچ سال کی قید سمیت ڈھائی ہزار سے لے کر پچاس ہزار یورو تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ قانون کی خلاف ورزی کی نوعیت اگر بڑی ہو، تو قانون میں ان سزاؤں میں اضافے کی گنجائش بھی موجود ہے۔ سفارت کار کارلو ایلبرٹو کپیلا پچھلے سال واشنگٹن کے سفارت خانے میں خدمات سر انجام دے رہے تھے تاہم امریکی حکام کی جانب سے ان پر چائلڈ پورنوگرافی کے شکوک و شبہات کی وجہ سے گزشتہ برس ستمبر میں انہیں واپس بلا لیا گیا تھا۔ ویٹیکن نے ان پر امریکا میں مقدمہ چلائے جانے کی مخالفت کی اور یوں انہیں واپس ویٹیکن لایا گیا۔ ان کے خلاف ابھی تفتیش جاری ہے۔