اسٹیج کی اداکارہ شیزہ بٹ کی گاڑی پر فیصل آباد میں فائرنگ ، معجزانہ طور پر محفوظ رہیں

 
0
635

لاہور ،09اپریل(ٹی این ایس): اسٹیج کی اداکارہ شیزہ بٹ کی گاڑی پر فیصل آباد میں فائرنگ ، اداکارہ معجزانہ طور پر محفوظ رہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اداکارہ شیزہ بٹ فیصل آباد منروا گولڈ تھیٹر میں اسٹیج ڈرامے میں پرفارم کرنے کے بعد اپنی گاڑی میں بیٹھ کر ہوٹل کی طرف روانہ ہوئیں تو موٹر سائیکلوں پر سوار چار نامعلوم مسلح افراد ہوٹل کے قریب اداکارہ کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہو گئے ۔ تاہم اداکارہ معجزانہ طور پر محفوظ رہیں ۔اداکارہ شیزہ بٹ نے مقامی پولیس تھانے میں نامعلوم افراد کے لئے ایف آئی آر درج کروا دی ہے ۔ اس حوالے سے شیزہ بٹ نے کہا کہ میری کسی سے دشمنی نہیں ، مجھے اسٹیج پر کام کرنے سے روکنے کے لئے سازش ہے ۔فیصل آباد میں بدمعاشی کا بازار گرم ہے ، فنکاروں سے بھتہ مانگا جاتا ہے اور نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جاتی ہیں ان حالات میں کسی اداکارہ کا وہاں پر کام کرنا خطرے سے خالی نہیں ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ان پر فائرنگ کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور بھتہ مافیا کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ فنکار اپنے بچوں کے لئے روزگار کما سکیں ۔ اس سے پہلے بھی متعدد اسٹیج اداکاراؤں کو قتل کیا گیا ہے اگر اس سلسلے کو ابھی نہ روکا گیا تو مستقبل میں اس کے سنگین نتائج سامنے آسکتے ہیں۔