ہمیں چین ، ایران اور ترکی کے ساتھ ملکر مشترکہ فلمسازی کا سلسلہ شروع کرنا چاہیے ‘فلمسٹار ثناء

 
0
663

لاہور ،09اپریل(ٹی این ایس):فلمسٹار ثناء نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے جلد سے جلد مشترکہ فلمسازی کا عمل شروع کرنا ہو گا ، بالی ووڈ کی فلموں سے مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں چین ، ایران اور ترکی کے ساتھ ملکر مشترکہ فلمسازی کا سلسلہ شروع کرنا چاہیے تاکہ فلم انڈسٹری میں ایک نئی جان پیدا ہو سکے ان ممالک کے علاوہ دیگر ممالک سے بھی مشترکہ فلمسازی کے حوالے سے عمل کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی دیگر ممالک کے ساتھ ملکر مشترکہ فلمسازی نہ صرف پاکستان فلم انڈسٹری خوشحال ہو گی بلکہ نئے سرمایہ کاروں کی بھی حوصلہ افزائی ہو گی اور پاکستانی فلموں کو ریلیز کے لئے بین الاقوامی مارکیٹ بھی میسر آسکے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بالی ووڈ کی فلموں کی کامیابی کی بڑی وجہ یہی ہے کہ ان کی فلمیں بھارت سمیت دیگر ممالک میں بھی ریلیز کی جاتی ہیں ۔ مگر ہم ابھی تک صرف کراچی ، لاہور اور پشاور تک ہی محدود ہیں ،بلوچستان میں فلمسازی کا دور تک کوئی نام و نشان نہیں ۔ اس لیے ضروری ہے کہ پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے مشترکہ فلمسازی کو فروغ دیا جائے ۔