گوگل مشرق وسطی،شمالی افریقاریجن میں ڈیجیٹل صحافت کا تربیتی پروگرام کرے گا

 
0
1290

نیویارک،10اپریل(ٹی این ایس):بین الاقوامی شہرت یافتہ سرچ انجن گوگل نے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقاریجن کے ممالک میں ڈیجیٹل صحافت کا تربیتی پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس پروگرام کے تحت بین الاقوامی آئی ٹی کمپنی متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، مصر، لبنان، اردن اور تیونس سمیت چھ عرب ملکوں میں کم سے کم 4000 صحافیوں کو عملی تربیت فراہم کرے گی۔مصر کے معروف انگریزی اخبار کے مطابق ڈیجیٹل صحافت کے مجوزہ تربیتی پروگرام کے لئے گوگل کو واشنگٹن کے انٹرنیشنل سینٹر فار جرنلسٹس اور اس کے ذیلی ادارے آئی جے نیٹ کی عربیک سروس کا تعاون بھی حاصل ہو گا۔ایک سال پر محیط پر تربیتی پروگرام میں ڈیجیٹل معلومات کے حصول، ان کی تصدیق اور ڈیٹا بیس پر مشتمل صحافت جیسے موضوعات کی ترویج کے لئے ورکشاپس کا اہتمام کیا جائے گا۔انٹرنیشنل سینٹر فار جرنلسٹس کے صدر جوائس برناتھن کے بقول اس اقدام کا مقصد علاقے میں ڈیجیٹل صحافت کے معیار میں بہتری لانا ہے۔ برناتھن کا مزید کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقا ریجن میں شامل ممالک ڈیجیٹل صحافت کے شعبہ میں بہت پیچھے ہیں جبکہ نوجوان صارفین اس کا انتہائی شوق رکھتے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ دور رس نتائج کے حامل اس تربیتی پروگرام سے مشرق وسطیٰ میں ٹکنالوجی کی تفریق ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ نیز اس سے ڈیجیٹل خبروں کا معیار بہتر بنانے کا بھی موقع ملے گا۔گوگل نیوز لیباٹری کے شعبہ تربیت اور شراکت کاری کے سربراہ میٹ کوک نے کہا کہ عالمی شہرت یافتہ آئی ٹی کمپنی مزید ممالک میں کئی اور ایسے پروگرام متعارف کرانے کی خواہاں ہے۔