شاہد خاقان عباسی کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات ،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا معاملہ اٹھایا

 
0
657

اسلام آباد،10اپریل(ٹی این ایس):وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوئیتریز سے ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا معاملہ اٹھاتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو بے نقاب کرنے کیلئے اپنے عہدے کا استعمال کریں ۔وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے باؤفورم برائے ایشیا کے موقع پر اقوا م متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گتریز سے ملاقات کی ۔ملاقات میں وزیر خارجہ خواجہ آصف، وزیر داخلہ احسن اقبال اور اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم شاہد خاقا ن عباسی کا کہنا تھاکہ بھارت کی جانب سے پیلٹ گنز کا استعمال تشویشناک ہے، پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کاحل چاہتا ہے۔وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات میں بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی کا معاملہ بھی اٹھاتے ہوئے کہا کہ بھارت کی کنٹرول لائن اور ورکنگ بانڈری پر پر دانستہ اور بلا اشتعال جنگ بندی کی خلاف ورزیاں خطرناک کشیدگی کی پیش خیمہ ثابت ہورہی ہیں اوراس کے نتیجے میں بے گناہ شہری شہید ہورہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم پر پاکستان کو شدید تشویش ہے، سیکرٹری جنرل مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم دنیا کے سامنے لانے میں کردار ادا کریں۔وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، ہم نے اپنی سرزمین سے دہشت گردی کاصفایا کر دیا۔اعلامیے کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے سنجیدہ بات چیت ضروری ہے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوئتریز نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔