سرینگر،10اپریل(ٹی این ایس):مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کشمیری عالم دین اورجمعیت اہلحدیث کے سابق صدر مولانا شوکت احمد شاہ کوانکے یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں جموں و کشمیر کی تاریخ میں اتحاد و اتفاق کی علامت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یاسین ملک نے انکے یوم شہادت کے سلسلے میں پارٹی دفتر پر منعقدہ ایک مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مولانا شوکت احمد شاہ کو جموں و کشمیر کی آزادی ،وحدت و اتحاد ، فلاح و بہبود،دین کی ترویج و اشاعت اور ایک داعی کی حیثیت سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شوکت احمد شاہ کوباطل کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر حق کیلئے لڑنے کا ہنرآتا تھا۔انہوں نے کہا کہ مولانا شوکت تمام تر مخالفتوں کے باوجود اپنے موقف پر چٹان کی مانند قائم رہے اور بالآخر اسی راہ عزیمت میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے ابدی سرخروئی پاگئے۔یاسین ملک نے انکی دینی ،سیاسی،تحریکی اور سماجی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ زندگی کے مختلف شعبوں میں شوکت احمد شاہ نے جو کاوشیں کیں اور خدمات انجام دیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔اس موقع پر پارٹی رہنماء اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جس نے مرحوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ مولانا شوکت احمد شاہ 8اپریل 2011کوسرینگرکے علاقے مائسمہ میں ایک بم دھماکے میں شہیدہو گئے ۔ شوکت احمد شاہ دیگر نمازیوں کے ہمراہ مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کیلئے موجود تھے۔یاسین ملک نے بھارتی پولیس کی طرف سے دختران ملت کی متعدد خواتین کارکنوں کی گرفتاری کی بھی شدید مذمت کی ۔