روس نے شام میں کیمیائی حملے سے متعلق سلامتی کونسل کی قرارداد ویٹو کردی

 
0
356

نیویارک،11اپریل(ٹی این ایس): روس نے شام میں کیمیائی اسلحے کے استعمال کی تحقیقات سے متعلق سلامتی کونسل کی قرارداد ویٹو کردی۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شام میں کیمیائی حملے کی تحقیقات سے متعلق قرارداد پیش کی گئی جسے روس کی جانب سے ویٹو کردیا گیا جب کہ قرارداد کی منظوری کی صورت میں شام میں کیمیائی حملے سے متعلق نئے سرے سے تحقیقات کا آغاز ہوتا۔سلامتی کونسل میں پیش کی گئی قرارداد پر 12 ممالک نے حمایت میں ووٹ دیتے ہوئے امریکا کا ساتھ دیا ، بولیویا نے روس کا ساتھ دیتے ہوئے مخالفت میں ووٹ دیا جب کہ چین نے معاملے کو خود سے دور رکھتے ہوئے ووٹ دینے سے گریز کیا۔واضح رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی شام میں شہریوں پر مبینہ زہریلی گیس کے استعمال پر بشارالا اسد کی حکومت کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا عندیہ دیا تھا۔