بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے زیرانتظام انٹرمیڈیٹ سالانہ 2018ء کی امتحانی ڈیوٹی کے سلسلہ میں بریفنگ کا اہتمام

 
0
396

چکوال،اپریل 12 (ٹی این ایس): کمشنر / چیئرمین تعلیمی بورڈ، راولپنڈی ندیم اسلم چوہدری کی ہدایت پر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے زیرانتظام انٹرمیڈیٹ سالانہ 2018ء کی امتحانی ڈیوٹی کے سلسلہ میں ایک بریفنگ کا اہتمام گورنمنٹ ہائی سکول نمبر1ریلوے روڈ ،چکوال میں کیا گیا۔ جس میں امتحانی امور کے نگران پروفیسر غلام محمد جھگڑ ، کنٹرولر امتحانات عابد کھرل ،بورڈ افسران اور ضلع چکوال کے اساتذہ کرام نے شرکت کی۔

بریفنگ دیتے ہوئے غلام محمد جھگڑ نے کہا کہ امتحان انٹرمیڈیٹ سالانہ2018ء کے لیے بطور ناظم مرکز، نائب ناظم مرکز اپنی ڈیوٹی ایک فریضہ سمجھ کر ادا کریں۔بورڈ کی نیک نامی اور شہرت میں آپ کی شخصیت کا بہت اہم کردار ہے ۔ بورڈ آپ کا ہے اور آپ اس کے درودیوار کے امین اور محافظ ہیں۔ شفاف امتحانات کے انعقاد کے لیے انصاف کے تقاضوں کو ہمیشہ مدنظر رکھیں ۔ یہ طلباء وطن عزیز کا مستقبل ہیں۔ آپ کی تھوڑی سی غفلت اور لاپرواہی سے ان کا مستقبل تاریک نہ ہوجائے ۔ ہمیشہ اس بات کو مدنظر رکھیں کہ آپ کے ہاتھوں سے کسی کی حق تلفی نہ ہو۔ اپنے ضمیر اور اللہ رب العزت کے سامنے جوابدہی کے جذبے سے اپنی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ آپ جانتے ہیں ہمارے ملک پاکستان کو جدید اور بدلتے تقاضوں کے پیش نظر نہایت قابل اور باصلاحیت افراد کی اشد ضرورت ہے اور ایسے افراد ہمارے طلباء کی شکل میں ہمارے پاس موجود ہیں۔ ایک دفعہ ایک برطانوی اخبار نویس نے جب قائد اعظم سے اُن کی فوج سے متعلق سوال کیا تو آپ نے فخریہ انداز میں جواب دیا کہ طلباء میری فوج ہیں جو اپنی تمام تر علمی و فکری اور عملی کاوشوں کو بروئے کار لاکر وطن عزیز کے ذرے ذرے کو درخشاں بنا دیں گے۔ انھوں نے آخر میں کہا کہ حکومتِ پنجاب کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے۔اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس حوالہ سے آپ کو کوئی مسئلہ درپیش ہوتو آپ براہ راست کنٹرولر امتحانات یا مجھ سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ آپ کی طرف سے دلائی گئی توجہ پر فوری طور پر عملدرآمد کیا جائے گا۔