سی ڈی اے ملازمین کا بناء اجازت غیر ملکی دوروں پر جانے کا نوٹس، ممبر ایڈمنسٹریشن نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو شکائتی مراسلہ لکھ دیا

 
0
394

اسلام آباد،اپریل 12 (ٹی این ایس): وفاقی ترقیاتی ادارہ(سی ڈی اے) کے ممبر ایڈمنسٹریشن محمد یاسر پیر زادہ نے سی ڈی اے ملازمین کا بناء اجازت غیر ملکی دوروں پر جانے کا ایکشن لیتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو مراسلہ لکھ دیا ہے۔

جمعرات کو ممبر ایڈمن سی ڈی اے یاسر پیر زادہ کی ہدایات پر شعبہ ایچ آر ڈی نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیکھنے میں آیا ہے کہ سی ڈی اے کے سینکڑوں افسران و ملازمین نے بیرون ملک کے دورے کئے ہیں اور ان دوروں کے لئے اتھارٹی سے کوئی این او سی حاصل نہیں کیا گیا ہے جبکہ پاکستان کے مختلف ایرپورٹس کے ایف آئی اے کے کاونٹرز پر بھی ان ملازمین سے این او سی طلب نہیں کیا جاتا،ممبر ایڈمن محمد یاسر پیر زادہ کی منظوری سے بھجوائے گئے مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے پاکستان کے تمام ایئرپورٹس پر اس بات کو یقینی بنائے کہ جب تک سی ڈی اے کے ملازم کے پاس شعبہ ایچ آر ڈی کا مستند این او سی نہ ہو اسے بیرون ملک روانہ نہ ہونے دیا جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے سی ڈی اے ملازمین و افسران بناء کسی این او سی کے حج،عمرہ اور نجی دوروں پر بیرون ملک جاتے رہے ہیں جو کہ سرکاری ملازم کے لئے حاصل کرنا سروس رولز کے مطابق ضروری ہے۔