ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پانی کی بندش کے خلاف ہزاروں کسان سڑکوں پر آگئے،نہر گوگیرہ اور جھنگ برانچ میں پانی چھوڑے جانے تک احتجاج جاری رکھنے کی دھمکی

 
0
414

ٹوبہ ٹیک سنگھ، 13 اپریل (ٹی این ایس): ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ستر سے زائد دیہات کےہزاروں کسان سڑکوں پر نکل آئے اور انھوں نے نہر گوگیرہ برانچ اور جھنگ برانچ میں پانی کی بندش پر حکومت کے خلاف شہباز چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
ٹی این ایس کے نمائندے کے مطابق احتجاج کی قیادت کسان رہنما محمد زبیر اور حکومتی ممبر صوبائی اسمبلی میاں رفیق نے کی،مظاہرین نے ہاتھوں میں احتجاجی بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر شدید نعرہ بازی کی۔

اس موقع پر کسان رہنماؤں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت فوری طور نہر گوگیرہ اور جھنگ برانچ میں پانی کی بندش کا خاتمہ کرے تاکہ کسانوں کی زمینیں بنجر ہونے سے بچ سکیں۔ جبکہ جو پانی مل رہا ہے وہ آلودہ ہونے کے ساتھ استعمال کے قابل بھی نہیں ہے۔
اس موقع پر احتجاج کرنے والے کسانوں نے کہا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہو جائیں گے۔احتجاج کے باعث فیصل آباد،ملتان،جھنگ اور شورکوٹ جانے والی رابطہ سڑکیں بند ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔