ایرا ن اور دہشت گردی ایک ہی سکے کے دو رْخ ہیں ،سعودی وزیرخارجہ

 
0
14191

ریاض،13اپریل(ٹی این ایس):سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ ایران اور دہشت گردی خطے میں ایک ہی سکے کے دو رْخ ہیں ۔ دہشت گردی سے سختی سے نمٹا جانا چاہیے اور اس کے مالی ذرائع کا خاتمہ کیا جانا چاہیے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انھوں نے الریاض میں عرب سربراہ اجلاس سے قبل وزرائے خارجہ کے ایک اجلاس میں کہا کہ ایران جب تک خطے میں مداخلت جاری رکھتا ہے تو اس کے ساتھ کوئی امن نہیں ہوسکتا۔انھوں نے بتایا کہ اس انتیسویں عرب سربراہ اجلاس کے ایجنڈے میں مسئلہ فلسطین سرفہرست ہوگا۔انھوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب نے امریکا کی جانب سے مقبوضہ القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے کے اعلان پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔سعودی وزیر خارجہ نے اپنے اس موقف کا اعادہ کیا کہ حوثی ملیشیا یمن میں جاری بحران کی ذمے دار ہے۔انھوں نے عراق کے حوالے سے کہا کہ سعودی عرب اس کی تعمیر نو میں مدد دے رہا ہے۔عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابوالغیط کا اجلاس میں کہنا تھا کہ خطے میں غیر ملکی مداخلت کی وجہ سے سنگین بحران پیدا ہوئے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ داعش کے خلاف فتح کو مضبوط اور پائیدار بنایا جانا چاہیے اور جنگ سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کی جانا چاہیے۔احمد ابو الغیط نے بحرین اور دوسرے عرب ممالک میں ایرانی مداخلت کی مذمت کی۔ان کا کہنا تھا کہ شام کی علاقائی خود مختاری اور اس کی وحدت پر سب عرب ممالک میں اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔انھوں نے کہا کہ شام میں جاری بحران کا خاتمہ سیاسی حل ہی کے ذریعے ممکن ہے۔انھوں نے بحران کے سیاسی حل تک پہنچنے کے لیے جنیوا امن عمل کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ یمن میں حوثی ملیشیا نے تنازع کے سیاسی حل کو مسترد کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔