بھارت کشمیر کو محض ایک کالونی سمجھ رہا ہے، کشمیری فسطائی حربوں کے آگے ہرگز نہیں جھکیں گے،مشترکہ حریت قیادت

 
0
353

سرینگر،13اپریل(ٹی این ایس):مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے اپنی فورسز کو محکوم کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے اور جس بہیمانہ طریقے سے مقبوضہ میں نوجوانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت جموں کشمیر کو محض ایک کالونی سمجھ رہا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اسلام آباد، شوپیاں اور کولگام کے اضلاع میں کشمیری نوجوانوں کا حالیہ قتل عام بھارتی سفاکیت اور جبر و استبداد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مشترکہ حریت قیادت نے کہا کہ گولیوں اور پیلٹوں سے نوجوانوں کا بہیمانہ قتل عام ہو یا پھر گولہ باری اور بارودی مواد کے ذریعے مکانات اور دیگر املاک کو مسمار اور نذر آتش کرنے کا مکروہ عمل ، یہ سب کشمیریوں کی آواز کو دبانے کی کوششیں ہیں لیکن کشمیری کسی بھی قیمت پر بھارت کے ان فسطائی حربوں کے آگے نہیں جھکیں گے۔ مشترکہ حریت قیادت نے کہا کہ بھارتی چیرہ دستیوں کے آگے اب پوری قوت اور یکجہتی کے ساتھ صف آرا ہونے کا وقت آگیا ہے۔ دریں اثنا بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کولگام کھڈونی میں چار کشمیری نوجوانوں کے حالیہ قتل کے خلاف مشترکہ حریت قیادت کی کال پر مقبوضہ وادی میں پر امن مظاہرے کیے گئے ۔مشترکہ قیادت نے عام لوگوں کے علاقہ ائمہ کرام، اساتذہ، وکلاء، دانشوروں، سول سوسائٹی کے ارکان، مختلف ملازمین اور تاجر وں پر زور دیا تھا کہ وہ نماز جمعہ کے بعد بھر پور احتجاجی مظاہرے کریں ۔