بھارتی مظالم اور نہتے کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف ایک اور عوامی تحریک شروع ہوسکتی ہے، یاسین ملک 

 
0
325

سرینگر،13اپریل(ٹی این ایس):مقبوضہ کشمیرمیں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہاہے کہ بھارت شوپیاں کے بعد کولگام کے علاقے کھڈونی میں بے گناہ نوجوانوں کے قتل عام کے ذریعے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کشمیر کو کمزور نہیں کرسکتا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یاسین ملک نے جو سرینگرسینٹرل جیل میں نظربند ہیں ایک بیان میں کہاکہ بھارتی حکمران کشمیریوں کو دیوارکے ساتھ لگا کر انہیں ایک اور عوامی انتفادہ شروع کرنے پر مجبور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ زندہ قومیں اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرتی ہیں نہ ہی اپنے شہداء کے لہو کا سوداکرتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ کولگام کے علاقے کھڈونی میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے چار نوجوانوں کے قتل اور سو سے زائد کشمیریوں کوپیلٹ اور اندھا دھند فائرنگ کے ذریعے زخمی کرنے کو بھارت کی بدترین ریاستی دہشت گردی قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف بھارتی فورسز نہتے کشمیریوں کے قتل عام کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ دوسری طرف آر ایس ایس اور بی جے پی جیسی فسطائی قوتوں کے کشمیر و مسلمان مخالف بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔ یاسین ملک نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل عام اور نسل کشی کے جاری سلسلے کو حق و باطل کے درمیان معرکہ قراردیتے ہوئے کہاکہ تاریخ شاہد ہے کہ باطل کتناہی طاقتور کیوں نہ ہو لیکن آخری فتح بالآخر مظلوموں اور مقہوروں کی ہی ہواکرتی ہے۔لبریشن فرنٹ کے چیئرمین نے کھڈونی قتل عام میں شہید ہونیوالے نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور سوگوارخاندانوں کے ساتھ یکجہتی اورہمدردی کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری شہداء کی قربانیوں کو کسی بھی صورت میں رائیگاں نہیں جانے دیاجائیگا ۔