بھارت کب تک نہتے کشمیریوں کا خون بہاتا رہے گا ، حقیقت تسلیم کرنے کے سواکوئی چارہ نہیں،سیدصلاح الدین

 
0
324

مظفر آباد،13اپریل(ٹی این ایس):متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین اور حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ بھارت آخر کب تک مقبوضہ کشمیرمیں نہتے اورمعصوم شہریوں اور نوجوانوں کا خون بہا کر کشمیر کے بارے میں حقیقت تسلیم کرنے سے انکار کرتا رہے گا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید صلاح الدین نے مظفر آباد سے جاری ایک بیان میں کہاکہ کولگام کے علاقے کھڈونی کے شہریوں نے دنیا کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے والے کشمیری نوجوان دہشت گرد نہیں بلکہ آزادی کے متوالے ہیں۔انہوں نے کھڈ ونی میں شہید ہونیوالے نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فرزندانِ ملت ،جنہوں نے اسلام آباد میں جانوں کے نذرانے پیش کئے اور پیلٹ اور گولیاں اپنے سینوں پر کھائیں، اْن کا مقام مجاہدین سے بھی بڑھ کر ہے ۔سید صلاح الدین نے کہا کہ بھارت اور اْس کے حواریوں کو جان لینا چاہئے کہ اْن کا مقابلہ صرف مٹھی بھر مجاہدین نہیں کر رہے، بلکہ پوری قوم مزاحمت کے سفر پر گامزن ہے۔ اس صورتحال کا دانشمندانہ تقاضہ یہ ہے کہ بھارتی حکمران نوشتہ دیوار پڑھتے ہوئے جموں وکشمیر کی متنازعہ حیثیت تسلیم کر کے کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا موقع فراہم کرتے، لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ بھارتی قیادت مسلسل اپنی ضد اور ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرکے پورے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔