سنٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی میں  جمعرات کو  وفاق المدارس  العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام حفظ قراٰنِ پاک اور دینی تعلیم کے مختلف کورسز میں حصہ لینے اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اسیر طلباء میں انعامات کی تقسیم کی پروقار تقریب کا اہتمام

 
0
4823

راولپنڈی، اپریل  19 (ٹی این ایس): سنٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی میں  جمعرات کو  وفاق المدارس  العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام حفظ قراٰنِ پاک اور دینی تعلیم کے مختلف کورسز میں حصہ لینے اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اسیر طلباء  میں انعامات کی تقسیم کی پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں جیل کے سپر انٹنڈنٹ سعید اللہ گوندل نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان  کے ڈپٹی سیکریٹری صوبہ پنجاب قاضی عبدالرشید، نگران اعلیٰ مولانا عبدالغفار توحیدی اور معان نگران مولانا اسجد  عثمانی، مولانا ہاشم خان ، اور جیل انتظامیہ کی طرف سے قاری فقیر محمد،قاری عبدالرزاق، قاری محمد تنویر حسین، مولانا گلبر خان اور  قاری غلام نبی نے شرکت کی۔

اس موقع پر  مولانا عبدالغفار توحیدی نے ان کے ادارے   کے زیر اہتمام جیل ھذا میں جاری  تعلیمی پروگرامز  کے بارے میں بتایا اور ماہ شوال سےنئی  تعلیمی کلاسز کے آغاز کا اعلان کیا۔ قاضی عبدلرشید نے جیل کے اسیر طلبہ کی تعلیمی پروگرامز میں دلچسپی کی تعریف کرتے ہوئے جیل میں درود بینک ،جس میں اکتوبر 2015 سے اب تک ایک ارب اور 67 کروڑ بار درود پڑھا جا چکا ہے۔ کے قیام  میں جیل سپر انٹنڈنٹ کے تعاون  کی سراہنا کی۔

سپر انٹنڈنٹ جیل سعید اللہ گوندل  نے اس موقع پر  وفاق المدارس پاکستان کی خدمات کی تعریف کی اور آئندہ بھی اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ بعد ازاں  تعلیمی پروگرامز میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے اسیر طلباء میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں۔

جیل میں وفاق لمدارس پاکستان کی طرف سے  2017 کے دوران مختلف دینی تعلیمی کلاسز میں  مجموعی طور پر 65 طلباء نے حصہ لیا جن میں دراسات دینیہ سال اول میں 38، سال دوئم میں 18 اور درس نظامی میں 18 طلباء نے تعلیم حاصل کی جبکہ ایک اسیر نے قراٰن پاک حفظ کر لیا۔

دراسات دینیہ سال اول میں طاہر محمود نے اول، عبدالرحمٰن نے دوم اور  محمد ارشد نے سوم ، سال دوم  میں تنزیل اشرف ، سلیم اور عاصم بشیر نے بالرترتیب پوزیشنز حاصل کیں جبکہ قراٰن پاک  حفظ کرنے والے قیدی عمر نواز ہیں جن کی تقریب میں دستار بندی بھی کی گئی۔