ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولراسلام آباد کا’’ٹی این ایس ‘‘کی ٹیم کے ہمراہ راحت بیکرزجی الیون مرکز پرچھاپہ، شامی کباب سے کیڑے برآمد، باورچی خانہ گندگی کے ڈھیر میں تبدیل، اشیائے پر ایکسپائری ڈیٹ ہی درج نہیں

 
0
745

اسلام آباد، اپریل 21 (ٹی این ایس): ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولراسلام آباد راجہ اشرف نے ’’ٹی این ایس ‘‘کی ٹیم کے ہمراہ راحت بیکرزجی الیون مرکز پرچھاپہ مارا۔شامی کباب سے کیڑے نکلنے اوربیکری کے باورچی خانے میں گندگی کے ڈھیرپر بیکری کے مالک سمیت تین ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کرلیاجبکہ بیکری کو سیل کردیاگیا۔سیکٹرجی الیون مرکز میں واقع راحت بیکری سے شفیق نامی شہری نے شامی کباب خریدے تواس میں سے کیڑے نکل آئے۔جس پر شہری نے تھانہ رمناکے ایس ایچ اوسے تحریری شکایت کی۔رمنا پولیس نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرراجہ اشرف کو صورتحال سے آگاہ کیا۔جس پر راجہ اشرف نے اپنی ٹیم اورپولیس کے ہمراہ راحت بیکری پر چھاپہ مارنے سے قبل ’’ٹی این ایس ‘‘ کی ٹیم کو فون کرکے اطلاع دی۔

چھاپے کے دوران بیکری کے باورچی خانے میں بھی گندگی کے ڈھیرنکل آئے اورمختلف کھانے پینے کی اشیاء پر ایکسپائری ڈیٹ ہی موجود نہ تھی۔جس پر بیکری کے تین ملازمین کو حراست میں لے کر بیکری کو سیل کرکے تالے لگادیئے گئے۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرراجہ اشرف نے یہ تصدیق کرتے ہوئے کہ بیکری کے شامی کباب میں کیڑے موجود نے کہا کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹراورڈپٹی ڈائریکٹرفوڈ کی ہدایت پر بمطابق قانون کارروائی کی گئی ہے۔قانون سے کوئی بالاترنہیں ہے۔شہریوں میں مضرصحت اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔
راحت بیکری کے ملازم کاکہناہے کہ کبھی ایساہواتونہیں تھالیکن شامی کباب سے کیڑوں کا نکلناہماری غلطی ضرورہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ شامی کباب ہماری فیکٹری میں تیارہوتے ہیں۔جس کے بعد یہاں پہنچائے جاتے ہیں۔