ہیلی کاپٹر کے استعمال کے بارے میں کبھی نہیں بتایا گیا،اپنے دور حکومت میں کسی سے غیر قانونی تعاون نہیں کیا، پرویز خٹک

 
0
400

پشاور اپریل 25(ٹی این ایس): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر کے استعمال کے بارے میں کبھی نہیں بتایا گیا، ہیلی کاپٹر کا کوئی ایس او پی نہیں تھا، مالم جبہ اراضی والی سوات نے گفٹ کی تھی جو محکمہ سیاحت کو وفاق سے ملی، اپنے دور حکومت میں کسی سے غیر قانونی تعاون نہیں کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہیلی کاپٹر اور مالم جبہ اراضی کیس میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، پرویز خٹک نے کہا کہ انکوائریز ہوتی رہتی ہیں مگر نیب نے کبھی کسی کے خلاف غلط کیس نہیں کیا، نیب کی جانب سے کوئی سوالنامہ نہیں دیا گیا، احتساب کا کام جاری ہے، ڈی جی نیب کی غیر موجودگی سے کام رکا نہیں ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ اسلام آباد اور اپنے شہروں میں اکیلا گھومتا ہوں، بغیر پروٹوکول سفر کرتا ہوں، صرف چار گاڑیاں میرے ساتھ ہوتی ہیں، اگر چار گاڑیوں کو آپ پروٹوکول کہتے ہیں تو آپ کی مرضی ہے۔پرویز خٹک نے نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کسی فیصلے کا علم نہیں، عوام کو جو بہتر نظر آئے گا اسی کے حق میں فیصلہ کریں گے، اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے مشاورت جاری ہے، ابھی تک کسی کا نام فائنل نہیں ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ووٹ بیچنے والے ایم پی ایز کو صرف نوٹس بھیجے گئے ہیں جبکہ نگراں حکومت کے لیے جماعت اسلامی اور اپوزیشن سے نام مانگے ہیں، بجٹ پر اگر حکومت اور اپوزیشن ایک پوائنٹ پر آٗئے تو نام پیش کریں گے ورنہ نہیں۔