ڈویژن میرپورکاتاریخی اور ثقافتی لحاظ سے بڑا نام ہے ٗراجہ مشتاق منہاس

 
0
272

میرپور اپریل 28(ٹی این ایس)آزادکشمیرکے وزیراطلاعات،سیاحت وآئی ٹی راجہ مشتاق احمدمنہاس نے کہاہے کہ ڈویژن میرپورکاتاریخی اور ثقافتی لحاظ سے بڑا نام ہے ۔ منگلاجھیل میرپوردنیاکی خوبصورت جھیلوں میں ایک وسیع جھیل ہے جس میں انٹرنیشنل واٹرسپورٹس کے مقابلہ جات کروائے جاسکتے ہیں۔میرپورمیں تین روزہ جشن بہاراں میلہ میں کوشش کی گئی ہے کہ لوگوں کوہرطرح کی تفریحی سہولیات میسر ہوسکیں۔منگلا اور رام کوٹ کے قلعے ،سموال شریف کی جامعہ اورمسجد،حضرت باباپیراشاہ غازی المعروف دمڑی والی سرکارؒ ،حضرت میاں محمدبخشؒ سمیت دیگراولیاء کرام کے مزارات کی وجہ سے میرپورکی پہچان ہے ۔ محکمہ سیاحت کے زیراہتمام مظفرآباد اوررالاکوٹ میں کامیاب ٹورازم فیسٹیول کے بعد میرپور میں تفریحی سہولیات کی فراہمی اور ٹورازم کے پوٹینشل کواجاگر کرنے کے لیے جشن بہاراں میلہ اہم کردار اداکرے گا۔ان خیالات کااظہار انھوں نے آصفہ بھٹوپارک میں ٹورازم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اطلاعات،سیاحت وآئی ٹی مشتاق احمدمنہاس نے کہاکہ ڈویژن میرپورکے اضلاع میرپور،بھمبراورکوٹلی میں نہایت ہی پرکشش پرفضاء اور تاریخی مقامات ہیں جہاں سیاحوں کی رسائی کے لیے طعام وقیام کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت آزادکشمیر نے نئی ٹورازم پالیسی منظور کی ہے۔ ان تمام تاریخی سیاحتی مقامات اور ثقافتی ورثہ کومحفوظ بنایاجائے گا۔ میرپورڈویژن میں سیاحت کے حوالے سے سالہ سال سرگرمیاں ہوسکتی ہیں ،حکومت اس کے لیے جامع پالیسی بنارہی ہے اور اس کے فروغ کے لیے پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ کے تحت سیاحتی مقامات پرریسٹ ہاؤسز،گیسٹ ہاؤسز ،پارکس سمیت دیگرتفریح کی سہولیات مہیاکرے گی ۔ انھوں نے فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پرجملہ انتظامی کمیٹیوں کے اراکین کی کارکردگی کوسراہا جن کی محنت سے لوگوں کوصحت مند تفریح کی سہولیات میسر آئی ہیں۔