مودی کا دورہ چین، سرحدی کشیدگی ختم کرنے کا اعلان

 
0
287

بیجنگ،29 اپریل ( ٹی این ایس ): بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے چین کا دورہ کیا اور چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی جہاں دونوں ممالک کے سربراہان نے سرحد پر جاری کشیدگی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق نریندر مودی نے چینی شہر ووہان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تقریباً چوبیس گھنٹے قیام کیا اور اس موقع پر چینی صدر شی جن پنگ سے غیر رسمی ملاقات کی بعد ازاں دونوں رہنماؤں نے کئی ثقافتی مراکز کا دورہ بھی کیا۔بھارتی سکریٹری خارجہ ’وجے گوکھالے‘ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ چین کے موقع پر دونوں ممالک نے سرحد پر تعینات فوج کے مابین روابط کو بہتر اور مؤثر بنانے پر اتفاق کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے آمادگی ظاہر کی ہے کہ آئندہ سے تمام باہمی اختلافات کو پر امن طریقے اور دانشمندی کے ذریعے حل کیا جائے گا جس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی بہتری میں مزید اضافہ ہوگا۔وجے گوکھالے کا مزید کہنا تھا کہ نریندر مودی کے چین کے دورے میں بھارت اور چین کی سرحد پر کشیدگی کے علاوہ دیگر موضوع پر بھی بات چیت ہوئی اور دونوں ممالک نے یقین دہانی کرائی ہے کہ خصوصی مندوبین کے ذریعے تمام مسائل کا باہمی اور قابل قبول حل تلاش کیا جائے گا۔دوسری جانب چینی حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کا دورہ چین خوش آئند ہے اور دونوں ممالک کے قریبی تعلقات سے عالمی سطح پر اثر و رسوخ میں اضافہ ہو گا