شہداء نے مقدس مشن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا انکی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیاجائیگا‘حریت رہنماء

 
0
327

سرینگرمئی 3(ٹی این ایس)مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں پلوامہ اور شوپیاں میں شہید ہونیوالے نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پلوامہ کے علاقے دربگام میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے کہاکہ ان شہداء نے ایک مقدس مشن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور انکی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز کشمیری عوام کو محکوم رکھنے کیلئے تمام اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہیں ۔ تاہم انہوں نے کہاکہ وہ اپنے مذموم عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہو ں گی۔ا نہوں نے کہاکہ بھارت کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل میں جتنی تاخیر کرے گا اسے عالمی سطح پر اتنی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر اسکے مظالم تیزی سے اجاگر ہو رہے ہیں۔ ادھرکشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں گزشتہ روز شوپیاں میں پر امن مظاہرین پر بھارتی فوجیوں کی طرف سے اندھا دھند فائرنگ میں ایک شہری کے قتل اور متعدد کے زخمی ہونے کی شدید مذمت کی ہے ۔ بیان میں تمام مہذب قوموں اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی گئی کہ وہ نہتے کشمیری عوام کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے کیلئے اپنا کردا ر ادا کریں۔