کراچی ،6مئی(ٹی ااین ایس ): کراچی میں بجلی فراہم کرنے والے ادارے (کے الیکٹرک) کی جانب سے کئی علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 10 گھنٹے تک بڑھا دیا گیا جس کے باعث شہری شدید اذیت کا شکار ہیں۔ کے الیکٹرک کی جانب سے بن قاسم پاور پلانٹ میں فنی خرابی کا دعویٰ کیے جانے کے بعد کئی علاقوں میں معمول کے مطابق ہونے والے لوڈشیڈنگ کے علاوہ اضافی بجلی کی بندش بھی کی جارہی ہے جس کے باعث معمولات زندگی شدید متاثر ہیں۔ڈیفنس ، کلفٹن، پی ای سی ایچ، گلشن اقبال، گلستان جوہر اور ناظم آباد سمیت 100 فیصد بل دینے والے وہ علاقے جو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ تھے، اب وہاں بھی 3 سے 4 گھنٹے بجلی نہیں دی جارہی۔لیاقت آباد، لانڈھی، کورنگی، ملیر، شاہ فیصل کالونی، نارتھ کراچی اور اولڈ سٹی علاقوں سمیت شہر کے مضافاتی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹوں تک جا پہنچا ہے ۔دوسری جانب کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بجلی کی کمی کے باعث لوڈشيڈنگ میں ایک سے 3 گھنٹے کا اضافہ کردیا گيا ہے جب کہ معمول کے مطابق لوڈشیڈنگ والے علاقوں میں ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ اضافی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔کے الیکٹرک کی ترجمان سعدیہ دادا کا کہنا تھا کہ بن قاسم پاور پلانٹ میں خرابی کے باعث شہریوں کو عارضی اضافی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بن قاسم پاور پلانٹ کی بحالی کا باقاعدہ کام ہوتا رہا ہے لیکن یونٹ میں حالیہ خرابی کے باعث 180 میگاواٹ کے شارٹ فال کا سامنا ہے۔ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ 1.7 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری گزشتہ 7، 8 سال میں کی جا چکی ہے تاہم کوشش ہے کہ صارفین کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے۔