موسیقی والے رمضان فانوس کا استعمال حرام ہے، مصری مبلّغ کا فتویٰ

 
0
337

قاہرہ مئی 9(ٹی این ایس)مصر میں ایک مذہبی مبلغ نے رمضان کے فانوس کی حرمت کا فتوی دیا ہے کیوں کہ ان میں موسیقی ہوتی ہے۔جرمن ریڈیو کے مطابق مصری مبلغ سامح عبدالحمید کا کہنا تھا کہ رمضان کے حوالے سے تیار کیے گئے خصوصی فانوس اس صورت میں جائز ہوں گے اگر ان میں موسیقی شامل نہ ہو۔ تاہم اگر یہ موسیقی رکھتے ہیں تو پھر حرام ہیں۔ اکثر علماء کا ان کی حرمت پر اجماع ہے لہذا ان کو نہیں خریدا جانا چاہیے۔ مصری مبلغ نے حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صحیح بخاری کی روایت ہے کہ رسول اللہ صلہ اللہ علہہ وسلم کے فرمان میں آتا ہے کہ میری امت کے کچھ لوگ زنا، ریشم، شراب اور آلات موسیقی کو حلال کر لیں گے۔سامح عبدالحمید کے مطابق ماہ صیام کے استقبال میں رمضان سے متعلق زینت کی اشیاء ایک خوب صورت مظہر ہے اور بچّے فانوسوں سے خوش ہوتے ہیں اور ان سے کھیل کر مسرت محسوس کرتے ہیں۔ لہذا جب تک ان میں موسیقی کی آمیزش نہ ہو اس وقت تک یہ جائز ہوں گے۔سامح عبدالحمید نے واضح کیا کہ حالیہ دنوں میں بازاروں میں مصری فٹبال اسٹار محمد صلاح کی تصویر والے جو فانوس منظر عام پر آئے ہیں ان میں کوئی ممانعت نہیں۔ اس لیے کہ ان میں موسیقی نہیں ہے اور یہ شرعا جائز ہیں۔