قصور ریلی میں عدلیہ مخالف نعرے ،ایم این اے شیخ وسیم ،ایم پی اے نعیم صفدر سمیت 6 ملزموں پر فرد جرم عائد

 
0
925

عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، غیر دانستہ طور پر جرم سرزد ہوا‘ملزمان /عدالت کی ملزمان کو جواب دینے کیلئے 7 روزکی مہلت
یہ کورٹ آف لاء ہے یہاں کسی کے خلاف فیصلہ نہیں ہوگا بلکہ صرف قانون کی حکمرانی ہوگی‘لاہور ہائیکورٹ کے ریمارکس
لاہور 11مئی (ٹی این ایس) لاہور ہائیکورٹ نے قصور میں ریلی کے دوران عدلیہ مخالف نعرے بازی کیس میں مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے شیخ وسیم اور ایم پی اے نعیم صفدر سمیت 6 ملزموں پر فرد جرم عائد کر دی، تمام ملزمان کو جواب دینے کیلئے 7 روزکی مہلت دے دی۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں 3 رکنی فل بنچ نے قصور میں عدلیہ مخالف احتجاج کرنے والے ارکان اسمبلی سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔ فل بنچ نے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی شیخ وسیم اور رکن پنجاب اسمبلی نعیم صفدر سمیت 6 افراد پرفرد جرم عائد کرتے ہوئے ملزمان کو 7 روز میں جواب داخل کرنے کا حکم دیا تاہم ارکان اسمبلی سمیت 6 ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔مقامی لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پہلے بھی عدلیہ کا احترام کرتے تھے اور اب بھی کرتے ہیں، غیر دانستہ طور پر جرم سرزد ہوا۔ فل بنچ نے ریمارکس دیئے کہ آپ کا لیڈر بھی سارا دن یہی کام کرتا ہے۔ تین ملزموں کے وکلاء کی جانب سے غیر مشروط معافی کی استدعا کی گئی جس پر فل بنچ نے قرار دیا یہ کورٹ آف لاء ہے یہاں کسی کے خلاف فیصلہ نہیں ہوگا بلکہ صرف قانون کی حکمرانی ہوگی۔ عدالت عالیہ نے توہین عدالت کی مزید کارروائی 18 مئی تک ملتوی کردی جبکہ ملزمان کو فرد جرم کی کاپیاں بھی فراہم کردی گئی ہیں۔