وفاقی شرعی عدالت سود کے خاتمے کیلئے دائر مقدمات کی (کل )سماعت کریگی

 
0
297

لاہور13مئی(ٹی این ایس)وفاقی شرعی عدالت آج(پیر)کے روز سے سود کے خاتمے کیلئے دائر مقدمات کی سماعت کرے گی۔ چیف جسٹس شیخ نجم الحسن کی سربراہی میں جسٹس فدا محمد خان، جسٹس محمود مقبول باجوہ، جسٹس محمد فاروق شاہ اور جسٹس شوکت علی رخشانی پر مشتمل 5رکنی لارجر بینچ سماعت کرے گا۔سماعت کے لئے وفاقی سیکرٹریز برائے قانون وانصاف، مذہبی امور، خزانہ ڈویژن، اٹارنی جنرل، صوبائی چیف سیکرٹریز سمیت تمام متعلقہ وفاقی وصوبائی حکام، عدالتی معاونین اور مقدمہ کے فریقین کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔وفاقی شرعی عدالت نے گزشتہ ماہ اپریل میں 37 مقدمات نمٹائے جس کے بعد زیرالتوا ء مقدمات کی تعداد 576 سے کم ہوکر 539 رہ گئی ہے۔عدالت کی جانب سے جاری تازہ اعدادوشمار کے مطابق یکم اپریل کو شرعی عدالت میں 551 مقدمات زیرسماعت تھے جبکہ پورے ماہ میں 25 نئے مقدمات دائر ہوئے اس طرح مجموعی تعداد 576 ہوگئی جن میں سے 37 مقدمات نمٹادئیے گئے۔