سپریم کورٹ سے چھٹی کی درخواست نہ کی ہے، نہ کروں گا: نواز شریف

 
0
411

اسلام آباد11جون (ٹی این ایس) سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ انہوں نے سپریم کورٹ سے چھٹیوں کی درخواست نہیں کی اور نہ ہی وہ ایسی کوئی درخواست کریں گے۔احتساب عدالت میں العزیزیہ ریفرنس کی سماعت کے دوران کمرہ عدالت میں غیر رسمی گفتگو کے دوران ایک صحافی نے سابق وزیراعظم سے سوال کیا کہ آپ کو کل سپریم کورٹ نے لندن جانے کی اجازت دی ہے؟ جس پر نواز شریف نے جواب دیا کہ میں نے تو سپریم کورٹ کو کوئی درخواست ہی نہیں دی۔سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ میں سپریم کورٹ کے سامنے درخواست کروں گا اور نہ کی ہے۔اس دوران ایک صحافی نے سابق صدر پرویز مشرف کے حوالے سے بھی سوال کیا اور پوچھا کہ مشرف کہتے ہیں کہ تمام مقدمات میں ضمانت دی جائے تو پھر واپس آؤں گا؟جس پر نواز شریف نے جواب دیا کہ وہ اس پر کچھ نہیں کہیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں شریف خاندان کے خلاف ٹرائل مکمل کرنے کی مدت میں توسیع کی درخواست پر سماعت کے دوران جسٹس ثاقب نثار نے سابق وزیراعظم کے وکیل خواجہ حارث کو کہا تھا کہ ‘اگر نواز شریف اور مریم نواز، بیگم کلثوم نواز کی عیادت کے لیے جانا چاہتے ہیں تو جاسکتے ہیں’۔ساتھ ہی چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے تھے کہ ‘آپ زبانی درخواست کریں ہم اجازت دیں گے’۔