ریلویز کا عیدالفطر کی تعطیلات میں 65 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو مفت سفری سہولت دینے کا اعلان

 
0
292

لاہور11جون (ٹی این ایس) پاکستان ریلویز نے عیدالفطر کی تعطیلات کے پہلے اور دوسرے روز ملک بھر میں 65سال اور اس سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کو تمام ٹرینوں کی تمام کلاسز میں سفر کی مفت سہولت فراہم کرنے کااعلان کیاہے۔ ترجمان پاکستان ریلوے کے مطابق نگران وزیر ریلویز محترمہ روشن خورشید بروچہ کی ہدایت پر پاکستان ریلویز نے سینئر سیٹیزن (فری آف کاسٹ)عید پیکج کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا اور تمام ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کو عملدرآمد کے لئے مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے ۔ ترجمان کے مطابق شناختی کارڈ کی نقل پر ایڈوانس بکنگ اور ای ٹکٹنگ بھی مفت ہو گی، دوران سفر اوریجنل کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ دکھانا لازمی ہو گا۔ ریلوے اسٹیشن پر شناختی کارڈ دکھانے پر بزرگ خواتین اور مردوں کو بغیر کرایہ لئے ٹکٹ جاری کر دیا جائے گا۔پاکستان ریلوے تمام مسافروں کو عید کے پہلے اور دوسرے دن پہلے ہی تیس فیصد رعائیت کا اعلان کر چکا ہے۔نگران وزیر روشن خورشید پروچہ نے کہاکہ وزارت کے اعلی عہدیدار اس سہولت کی فراہمی یقینی بنائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ مسافراس سہولت سے فائدہ اٹھاسکیں۔انہوں نے کہاکہ ریلوے مسافروں کو محفوظ اور تیز ترین سفر کاذریعہ فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔