اٹلی،امدادی جہاز کو بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے کی اجازت نہ ملنے پر جہاز پانیوں میں بھٹکنے پر مجبور

 
0
360

روم جون 12 (ٹی این ایس ) اطالوی وزیر داخلہ کے 629 مہاجرین کو بچانے والے ایک امدادی جہاز کو اٹلی کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے کی اجازت نہ دینے پر یہ جہاز بین الاقوامی پانیوں میں بھٹک رہا ہے۔ مہاجر مخالف سیاستدان اور اٹلی کے نئے وزیر داخلہ ماتیو سالوینی نے اس اختتام ہفتہ پر ایس او ایس میڈیٹرینی اور ڈاکٹرز وِد آؤٹ بارڈرز کے زیر انتظام چلائے جانے والے ایک امدادی جہاز کو اطالوی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے کی اجازت نہیں دی۔ سالوینی نے سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک پر پیر کے روز پوسٹ میں لکھا کہ انسانی زندگیوں کو سمندر میں ڈوبنے سے بچانا فرض ہے، لیکن اٹلی کو ایک بڑے مہاجر کیمپ میں تبدیل کرنا نہیں۔ اب تک اٹلی سر جھکا کر احکامات کی تعمیل کرتا آیا ہے، لیکن اب کوئی ہے جو انکار کر سکتا ہے۔ ایکویریس نامی اس امدادی جہاز پر 629 تارکین وطن سوار ہیں، جن میں بغیر سرپرست کے سفر کرنے والے 123 بچے اور 7 حاملہ خواتین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 11 بچے بھی جہاز میں موجود ہیں۔ ایس او ایس میڈیٹرینین نامی فلاحی تنظیم نے ان مہاجرین کی کئی تصاویر بھی جاری کی ہیں، جن میں ایک امدادی ورکر کی گود میں ایک کمبل میں لپٹی ہوئی ایک بچی کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ تنظیم کے مطابق مہاجرین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اس کے پاس ایک دن کا سامانِ خورونوش موجود ہے۔ تاہم پیر کو مالٹا کی بحریہ نے اسے پانی اور خوراک فراہم کردی ہے۔