چیف جسٹس  نےاسلام آباد ایئر پورٹ میں پانی بھرنے سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ طلب کرلی

 
0
345

اسلام آباد، جون  14 (ٹی این ایس):  چیف جسٹس پاکستان نے اسلام آباد ایئر پورٹ میں پانی بھر جانے کے معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے دو ہفتے میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اسلام آباد ایئرپورٹ پر پانی بھرجانے سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی ۔

چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دئیے کہ ایئر پورٹ کو کس نے تعمیر کیا، سنا ہے چوہدری منیر نے تعمیر کرائی ہے، ایسا نہیں تو ان کا نام بار بار کیوں آ رہا ہے ۔

جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ یہ کیسی تعمیر ہے کہ ایئرپوٹ پر پانی بھر گیا، پی آئی اے حکام نے بتایا کہ ایئر پورٹ سول ایوی ایشن حکام نے تعمیر کرایا ہے۔

اس موقع پر چیف جسٹس نے کمیٹی سے رپورٹ طلب کرلی اور ہدایت کی کہ کمیٹی 300صفحات کی نہیں بلکہ مختصر اور جامع رپورٹ پیش کرے۔ جس کے بعد کیس کی کارروائی دو ہفتے کیلئے ملتوی کر دی گئی۔