پانی کی قلت کے خلاف ایرانی عوام سڑکوں پر،فورسز سے جھڑپوں میں 11زخمی

 
0
322

مظاہرین نے کچرہ دانوں کو آگ لگادی،متعددعمارتوں کو نقصان،دس پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے،وزیرداخلہ
تہران02جولائی(ٹی این ایس)ایران کے جنوبی حصے میں پانی کی کمیابی اور گدلے پانی کی فراہمی پر وہاں کے عوام نے شدید احتجاج کیا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے ایرانی مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی تو اْن کے ساتھ مظاہرین کی جھڑپیں بھی ہوئیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ابتدا میں پرامن رہنے والے مظاہرے شدت اختیار کر گئے۔ مظاہرین نے سکیورٹی فورسز پر شدید پتھراؤ بھی کیا۔خاص طور پر خرم شہر میں سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان اس وقت جھڑپیں شدت اختیار کر گئیں، جب انہیں منتشر کرنے کی کوشش کی گئی۔ مظاہرین نے بازاروں میں کئی دوکانوں کے شیشے توڑنے کے ساتھ ساتھ کیش کی خودکار مشینوں کو بھی تہس نہس کر دیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے کچرہ دانوں کو بھی آگ لگائی اور متعدد عمارتوں کو نقصان پہچانے سے بھی گریز نہیں کیا۔خرم شہر میں مظاہروں میں شریک خواتین اور بچے بھی شریک تھے لیکن وہ اْس وقت علیحدگی اختیار کر گئے جب سکیورٹی فورسز نے اپنی کارروائی شروع کی۔ بعض عرب میڈیا کے مطابق مظاہرین پر گولیاں بھی برسائی گئیں۔عرب میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق خرم شہر میں بھاری مشین گنوں کی آوازیں دیر تک سنائی دیتی رہیں۔ مقام انتظامیہ کے مطابق سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں گیارہ افراد زخمی ہوئے ۔ دوسری جانب ایرانی وزیر داخلہ عبدالرضا فضلی کا کہنا تھا کہ ابھی یہ واضح نہیں کہ مظاہرے پھوٹنے کے محرکات کیا ہیں۔ فضلی کے نائب نے رپورٹرز کو بتایا کہ خرم شہر میں کم از کم دس پولیس اہلکار زخمی ہوئے ۔