نوازشریف الیکشن کو مشکوک بنا کر سارا ملبہ فوج پر ڈالنا چاہتے ہیں‘شجاعت حسین 

 
0
302

خود کو بچانے کیلئے ملکی سلامتی سے کھیل رہے ہیں، آئی ایس آئی پر جھوٹا الزام لگانا اسی سازش کی کڑی ہے 
لاہور 02جولائی (ٹی این ایس) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ نوازشریف اس وقت اپنے آپ کو بچانے کیلئے ملکی سلامتی سے کھیل رہے ہیں، وہ الیکشن کو مشکوک بنا کر سارا ملبہ فوج پر ڈالنا چاہتے ہیں، آئی ایس آئی پر جھوٹا الزام لگانا بھی اسی سازش کی کڑی ہے، اقبال سراج کی واضح تردید کے باوجود نوازشریف لندن میں بیٹھ کر بار بار اس الزام کو دہرا رہے ہیں۔ میڈیا سیل کی طرف سے جاری کردہ بیان میں چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ بدقسمتی ہے کہ نوازشریف بھی الطاف حسین کی ڈگر پر چل رہے ہیں لیکن میں ان کو متنبہ کر دوں کہ وہ الطاف حسین کا انجام بھی ذہن میں رکھیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا اگرچہ پاک فوج الیکشن کمیشن کی درخواست پر انتخابی عمل کی نگرانی کر رہی ہے لیکن ضلعی سطح پر الیکشن مشینری میں موجود نوازشریف اور شہبازشریف کے کل پرزوں کو نکالے بغیر الیکشن کی شفافیت کو یقینی بنانا مشکل ہو گا، یہ بات بھی ذہن میں رکھنا ہو گی کہ نوازشریف اور ان کے ہمنوا ابھی سے الیکشن کے بعد دھاندلی کا ڈھنڈورا پیٹنے اور اس کا الزام فوج پر لگانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں جس کی پیش بندی ضروری ہے۔