مون سون کے دوران واسا کی معاونت کیلئے ایل ڈی اے انجینئرنگ ونگ کے افسران کی ڈیوٹیاں لگا دی گئیں

 
0
337

عملے کی اتفاقیہ رخصت دو ماہ کے لئے بند کر دی ہے ‘ چیف انجینئر مظہر خان
لاہور 02جولائی(ٹی این ایس) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران خان کی ہدایت پر چیف انجینئر مظہر حسین خان نے مون سون کے دوران شہر سے نکاسی آب یقینی بنانے کے لیے واسا کی معاونت کرنے کی خاطر ایل ڈی اے یوڈی ونگ کے تمام انجینئرز کی ڈیوٹیاں لگا دی ہیں اور دو ماہ کے لیے عملے کی اتفاقیہ رخصت بند کر دی ہے ۔ چیف انجینئر ایل ڈی اے نے گزشتہ روز ایل ڈی اے انجینئرنگ ونگ کے تمام ڈائریکٹرز‘ڈپٹی ڈائریکٹرز ‘اسسٹنٹ ڈائریکٹرز‘ سب انجینئرز اور کنٹریکٹرز کا اجلاس طلب کر کے انہیں ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔فوری نکاسی آب کے لیے واسا کی معاونت کی خاطر لاہور شہر کو چھ زونز میں تقسیم کر کے ایک ایک ڈائریکٹر انجینئرنگ کو ہر زون کا انچار مقرر کر دیا اور انہیں ہدایت کی کہ دن رات کے دوران کسی بھی وقت بارش شروع ہوتے ہی فوراً ڈیوٹی پر نکل پڑیں اور اپنے سٹاف اور مشینری کے ساتھ واسا کی معاونت کریں۔ اس سلسلے میں از خود کام کے لیے نکلیں اور کسی حکم یا ہدایت کا انتظار نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود افسران اور عملے کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کریں گے اور فرائض سے غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔