موسم کی خرابی کے باعث عمران خان کا دورہ کراچی تاخیر کا شکار

 
0
327

چیئرمین پی ٹی آئی انتخابی مہم کے سلسلے میں مختلف علاقوں کا دورہ کریں گے اور کارکنان سے خطاب کریں گے
لاہور جولائی 03(ٹی این ایس): چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج 2 روزہ دورے پر کراچی پہنچ رہے ہیں تاہم موسم کی خرابی کے باعث ان کی روانگی تاخیر کا شکار ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی گزشتہ رات سرگودھا سے لاہور پہنچے تھے جہاں سے انہیں آج دو روزہ دورے پر کراچی جانا تھا تاہم موسم کی خرابی کے باعث اب تک وہ اپنی رہائشگاہ سے ایئرپورٹ کی جانب نہیں آئے۔عام انتخابات کے لیے عمران خان نے انتخابی مہم کا آغاز میانوالی سے کیا تھا جس کے بعد بنوں اور سرگودھا کا دورہ کرنے کے بعد آج وہ کراچی پہنچیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کراچی کے مختلف حلقوں کا دورہ کر کے انتخابی مہم کو آگے بڑھائیں گے اور کارکنوں سے خطاب کر کے ان کا لہو گرمائیں گے۔ترجمان تحریک انصاف کے مطابق عمران خان میمن گوٹھ میں بے سہارا بچوں کے لیے گھر کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور شام میں این اے 243 کا دورہ کریں گے۔پی ٹی آئی کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان اپنے حلقے میں انتخابی مہم کا جائزہ لیں گے اور کارکنان سے خطاب بھی کریں گے۔ یاد رہے کہ عمران خان کراچی کے حلقہ این اے 243 سے انتخاب لڑ رہے ہیں جس میں گلشن اقبال اور گلستان جوہر کے علاقے آتے ہیں۔