وفاقی وزراء کے اثاثوں کی تفصیلات بھی سامنے آ گئیں ٗ نگران وزیر قانون سید علی ظفر 28کروڑ کے اثاثوں کے مالک

 
0
685

علی ظفر کے پاس دبئی میں 3 اپارٹمنٹ، لندن ڈبلیو ٹو میں گھر اور برمنگھم میں بھی گھر ہے ٗدستاویزات
اسلام آباد03جولائی (ٹی این ایس)نگران وزیراعظم اور وزرائے اعلیٰ کے بعد وفاقی وزراء کے اثاثوں کی تفصیلات بھی سامنے آ گئیں ٗ نگران وزیر قانون سید علی ظفر 28کروڑ کے اثاثوں کے مالک نکلے ۔دستاویزات کے مطابق نگران وزیر خارجہ عبداللہ حسین ہارون کا بینک بیلنس 48 لاکھ روپے سے زائد ہے، انہوں نے کراچی کی رہائش گاہ خاندانی وراثت ظاہر کی ٗ25 ایکڑ زمین جیمس آباد کراچی میں بھی ان کی ملکیت میں شامل ہے ٗحسین ہارون نے 17 لاکھ کی سرمایہ کاری، 50 تولے سونا، 90 لاکھ کی لینڈ کروزر اور 28 لاکھ کی مرسڈیز بھی دستاویزات میں ظاہر کی ہے۔نگران وزیر قانون سید علی ظفر 28 کروڑ 38 لاکھ 6 ہزار 22 روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں، ان کا بینک بیلنس 11 کروڑ 15 لاکھ 34ہزار 679 روپے ہے ٗوہ ایک کروڑ 95 لاکھ 49 ہزار 499 روپے مالیت کی گاڑیوں کے بھی مالک ہیں۔دستاویزات کے مطابق علی ظفر کے پاس دبئی میں 3 اپارٹمنٹ، لندن ڈبلیو ٹو میں گھر اور برمنگھم میں بھی گھر ہے جب کہ وہ پراپرٹی مورگیج کینام پر 3 کروڑ 10 لاکھ 26 ہزار 250 روپے کے مقروض ہیں ٗاس کے علاوہ علی ظفر کی اہلیہ ایک کروڑ 59 لاکھ 60 ہزار سے اثاثوں کی مالک ہیں، اور ان کے پاس 150 تولے سونا بھی ہے۔نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر 4 کروڑ 4 لاکھ 4 ہزار 746 روپے کی مالک ہیں، ان کے نام اسلام آباد میں 3 اور کراچی میں ایک گھر ہے ٗ جائیداد کی کل مالیت 28 لاکھ سے زائد ظاہر کی گئی ہے۔نگران وفاقی وزیرخزانہ کے پاس 2 کروڑ 77 لاکھ کے سیونگ سرٹیفیکیٹس ہیں، ان کی پی ایس او اور ایک نجی بینک میں 22 لاکھ سے زائد کی سرمایہ کاری ہے جبکہ ان کے بینک اکاؤنٹس میں 72 لاکھ اور سونے کی مالیت 2 لاکھ روپے ہے۔نگران وزیر داخلہ اعظم خان ایک کروڑ 45 لاکھ 29 ہزار سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں، ان کے پشاور میں ایک گھر اور دو پلاٹ کی مالیت 65 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے ٗ وہ چارسدہ شوگرمل، پریمیئر شوگرمل مردان اور پریمیئر بورڈ مل مردان میں حصہ دار ہیں۔اعظم خان کی اہلیہ پروین اعظم کے نام ایک کنال رہائشی پلاٹ ہے جس کی مالیت 30 لاکھ روپے ہے، ساڑھے 6 لاکھ مالیت کا سونا بھی اعظم خان کی اہلیہ کی ملکیت میں شامل ہے جب کہ اعظم خان اور ان کی اہلیہ کے بینک اکاؤنٹس میں کل رقم 43 لاکھ روپے موجود ہے۔اس کے علاوہ نگران وزیرتعلیم محمد یوسف شیخ 2 کروڑ 34 لاکھ 69 ہزار 701 روپے اثاثوں کے مالک ہیں، ان کا بینک بیلنس 51 لاکھ 37 ہزار 801 روپے ہے ٗ یوسف شیخ کا کراچی میں ایک گھر اور دادو میں بھی پلاٹ ہے۔یوسف شیخ لاڑکانہ اور ٹھٹھہ میں زرعی زمین کے مالک ہیں جبکہ ان کی جائیداد کی کل مالیت ایک کروڑ 83 لاکھ سے زائد ہے۔