3 ائیروائس مارشلز  کی ائیر مارشل کے عہدے پر ترقی

 
0
423

اسلام آباد، جولائی 04 (ٹی این ایس):  حکومت پاکستان نے ائیروائس مارشل سید نعمان علی، ائیروائس مارشل ظہیر احمد بابر اور ائیروائس مارشل جواد سعید کو ائیر مارشل کے عہدے پر ترقی دے دی۔

تفصیلات کے مطابق ائیر مارشل سید نعمان علی نے اپریل1986 میں پاکستان ائیر فورس کی جی ڈی پی برانچ میں کمیشن حاصل کیا، وہ ایک تربیت یافتہ فلائنگ انسٹرکٹر ہیں۔اپنے کیرئیر کے دوران انہوں نے کمبیٹ کمانڈر اسکول اور آپریشنل ائیر بیس کی کمانڈ کی۔وہ ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ڈائریکٹر آپریشنز، پرسنل اسٹاف آفیسر ٹو چیف آف ائیرسٹاف، انسپکٹر جنرل ائیر فورس، ڈپٹی چیف آف ائیر اسٹاف (آپریشنز) اور چیف پراجیکٹ ڈائریکٹر JF-17 کے طور پر بھی تعینات رہے ہیں۔ائیر مارشل سید نعمان علی کو پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر ستار امتیاز (ملٹری) اور تمغہء امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔ائیر مارشل ظہیر احمد بابر نے اپریل1986 میں پاکستان ائیر فورس کی جی ڈی پی برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔اپنے کیرئیر کے دوران انہوں نے فائٹر اسکواڈرن، آپریشنل ائیر بیس اور ریجنل ائیر کمانڈ کی کمان کی۔ وہ ائیر ہیڈ کوارٹرز میں اسسٹنٹ چیف آف ائیر اسٹاف (آپریشن ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ )، اسسٹنٹ چیف آف ائیر اسٹاف (ٹریننگ آفیسرز) اور ڈائریکٹر جنرل پراجیکٹس تعینات رہے۔

اس کے علاوہ ائیر مارشل ظہیر احمد بابر وزارت دفاع میں ایڈیشنل سیکریٹری کے طور پر بھی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔وہ کمبیٹ کمانڈر اسکول، ائیر وار کالج اور برطانیہ کے رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز سے فارغ التحصیل ہیں۔ انہیں پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر ستار امتیاز (ملٹری) اور تمغہءامتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔ئیر مارشل جواد سعید نے نومبر1986 میں پاکستان ائیر فورس کی جی ڈی پی برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔اپنے کیرئیر کے دوران انہوں نے فائٹر اسکواڈرن، فائٹر ونگ، آپریشنل ائیر بیس اور ریجنل ائیر کمانڈ کی کمان کی۔وہ ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں اسسٹنٹ چیف آف ائیر اسٹاف (آپریشنز) اور ڈپٹی چیف آف ائیر اسٹاف (آپریشنز) بھی تعینات رہے ہیں۔وہ کمبیٹ کمانڈر اسکول، ائیر وار کالج اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں۔ انہیں پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر ستار امتیاز (ملٹری) اور تمغہء امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔