پنجاب اور کے پی کے میں اتنی نشستیں ہونگی جس سے وفاقی حکومت بناسکیں ٗ عمران کا دعویٰ

 
0
270

کبھی اپنے مخالف کو کمزور نہ سمجھیں، کارکن سندھ میں سڑکوں پر نکلیں اور ریلیاں نکالیں ٗ خطاب
کراچی04جولائی(ٹی این ایس)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے پاس پنجاب اور خیبرپختونخوا میں اتنی نشستیں ہوں گی جو وفاقی حکومت بنانے کیلئے کافی ہوں گی۔بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کبھی اپنے مخالف کو کمزور نہ سمجھیں، کارکن سندھ میں سڑکوں پر نکلیں اور ریلیاں نکالیں تاکہ لوگوں کو آپ کی طاقت کا اندازہ ہو، کرکٹ کی زبان میں کہاجاتا ہے کہ جب تک آخری گیند نہ ہوجائے تو فیصلہ نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ امپائر صرف ایک ہی ہے اور وہ اللہ ہے، پاکستان کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں، 30 سال سے دونوں جماعتیں باریاں لے رہی ہیں، لاہور کو جو پیرس بنانا تھا وہ سب قوم کے سامنے آگیا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ کبھی ملک میں ایسی بیروزگاری نہیں تھی اور روپیہ ایسا نہیں گرا تھا، آج بنگلا دیش ہم سے آگے نکل چکا، برصغیر دنیا کا غریب ترین علاقہ ہے اور ہم اس میں بھی پیچھے رہ گئے ہیں، ملک کے ادارے تباہ کردیئے گئے۔عمران خان نے کہا کہ میرا ایمان ہے لمبی اندھیری رات ختم ہونے والی ہے، اقتدار میں آنے کیلئے کراچی سے الیکشن لڑنے کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں ہماری جو پوزیشن ہے اس میں وفاقی حکومت بنانے کیلیے کافی نشستیں ہوں گی تاہم کراچی کے بغیر پاکستان عظیم نہیں بن سکتا، کراچی سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ اس وجہ سے کیا کہ کراچی جب تک نہیں اوپر نہیں آئے گا، تبدیلی نہیں آئیگی ٗ ہمارے پاس کراچی کو اٹھانے کا پلان ہے۔چئیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ چھ چھ باریاں لیکر پولیس ٹھیک نہیں کرسکے، رینجرز اور فوج سے پولیس کا کام نہیں لیا جاسکتا ، ان لوگوں نے پولیس فورس تباہ کردی۔عمران خان نے الزام لگایا کہ شہبازشریف پولیس کے ذریعے لوگ مرواتے رہے ٗماڈل ٹاؤن میں پولیس کے ذریعے قتل کرائے، ایسا دنیا میں کہیں نہیں ہوتا، راؤ انوار نے 440 ماورائے عدالت قتل کیے۔