پشاور موڑ میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے، برساتی نالہ کوڑے سے بھر گیا،شدید تعفن پھیلنے لگا

 
0
1920

نالے کے ارد گرد قد آدم جھاڑیاں اگ آئیں، علاقہ کسی جنگل کا منظر پیش کرنے لگا، سی ڈی اے انتظامیہ غائب
اسلام آباد جولائی 5(ٹی این ایس)پشاور موڑ میں صفائی کی انتہائی ناقص صورتحال، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیروں سے تعفن اٹھنے لگا، سیوریج کا نظام ناکارہ ، زیرزمین نالیوں کا پانی باہر آنے لگا، آئی اینڈ ٹی مارکیٹ کی سڑک پرجگہ جگہ گٹر کا گنداپانی پھیل گیا،سڑک کے متعدد ہولز ٹوٹ گئے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ علاقے میں صفائی کا عملہ کئی عرصے سے غائب ہے اور سی ڈی اے انتظامیہ بھی حرکت میں نہیں آرہی جس کے نتیجے میں پشاور موڑ سے گزرنے والے برساتی نالے کے ارد گرد کوڑے دانوں اور زمین پر پڑا کوڑا کرکٹ شدید تعفن پھیلانے لگاہے۔ نالے کے ارد گرد قد آدم جھاڑیاں اگ آئی ہیں جس کے باعث علاقہ کسی جنگل کا منظر پیش کر نے لگاہے، جبکہ نالہ بھی کوڑے سے بھر گیا ہے اور ٹھہرا پانی گندگی کے ڈھیروں سے مل کر تعفن پھیلانے کے علاوہ مچھروں کی افزائش کا باعث بن رہا ہے۔ شہریوں کے لئے نالے کے قریب سے گزرنا محال ہوگیا ہے۔ دوسری طرف علاقے سے گزرنے والی سڑک پر بھی موٹر سائیکل مکینکوں اور کیٹرنگ والوں نے قبضہ کیا ہوا ہے،جسے مکینکس ورکشاپ کے طور پر استعمال کر رہے ہیں اور کیٹرنگ کے مزدور اپنی دیگیں اور برتن سڑک کنارے دھوتے ہیں اور گندا پانی سڑک پر چھوڑ دیتے ہیں۔مارکیٹ کے اندر دکاندار بھی گندگی پھیلانے میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں اور ہر دکان کے سامنے کوڑے کے ڈھیر پڑے نظر آتے ہیں۔اس صورتحال سے پریشان شہری محمد امین کا کہنا ہے ” اس علاقے میں صفائی پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ،یہاں ہرطرف گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ محکمہ صفائی کا عملہ کئی کئی روز تک آتا نہیں اور جب آتا ہے تو کوڑے کے ان بڑے بڑے ڈھیروں کو سڑک کنارے کھلے آسمان تلے جلاکر تلف کردیتا ہے جس سے بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ لاحق ہوتا ہے۔انھیں چاہئیے کہ وہ کوڑا بروقت تلف کیا کریں اور اس کے لئے کوئی معقول طریقہ ڈھونڈ لیں۔”