جرمنی سے افغان تارکین وطن کا اب تک کا سب سے بڑا گروپ ملک بدر

 
0
425

جرمن شہر میونخ سے ایک جہاز ان 69 افغان شہریوں کو لے کرافغان دارالحکومت کابل پہنچ گیا 
کابل/برلن05جولائی(ٹی این ایس)جرمن حکام نے ایسے مزید 69 افغان شہریوں کو اپنے ملک واپس بھیج دیا ہے جن کی جرمنی میں پناہ کی درخواستیں رد ہو چکی تھیں۔ یہ افغان شہری خصوصی پرواز کے ذریعے افغان دارالحکومت کابل پہنچے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمن شہر میونخ سے ایک جہاز ان 69 افغان شہریوں کو لے کرافغان دارالحکومت کابل پہنچا۔ یہ ان چند واقعات میں سے ایک ہے جب جرمنی سے افغان مہاجرین کی اتنی بڑی تعداد کو ایک ساتھ ملک بدر کیا گیا ہے۔ جرمن حکومت ایسے افراد کو ملک بدر کر کے واپس ان کے آبائی وطنوں کی جانب بھیجنے میں تیزی لانے کا ارادہ رکھتی ہے جن کی پناہ کی درخواستیں جرمنی میں نا منظور ہو چکی ہیں۔جرمن ریاست باویریا کے وزیر داخلہ نے ان افغان شہریوں کی جرمنی سے ملک بدری کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ افغانستان واپس بھیجے جانے والے کْل 69 افراد میں سے 51 اسی جرمن وفاقی ریاست میں رہائش پذیر تھے۔ یوآخم ہیرمن کے مطابق جرمنی کی وفاقی حکومت نے حال ہی میں افغانستان جلا وطن کیے جانے والوں کی تعداد کے حوالے سے پابندی ختم کرنے کی اجازت دی ہے۔ حالیہ برسوں کے دوران صرف انہی لوگوں کو جرمنی سے ملک بدر کر کے واپس افغانستان بھیجا جاتا ہے جو جرمنی میں کسی جرم کے مرتکب ہوئے ہوں۔