احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرسنل سیکرٹری فواد حسن فواد کو 14 روزرہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا

 
0
325

اسلام آباد جولائی 06(ٹی این ایس)احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرسنل سیکرٹری فواد حسن فواد کےریمانڈ کی استدعا منظور کرتے ہوئے انہیں 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیاجبکہ وکیل فواد حسن فواد کا کہنا تھا کہ گھر سے کھانا منگوانے کی اجازت دی جائے۔آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں من پسند افراد کو ٹھیکے دینے اور قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے کے الزام میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرسنل سیکرٹری فواد حسن فواد کو گزشتہ روز گرفتار ر کیا گیا تھا۔جنہیں آج احتسا ب عدالت میں پیش کر دیا گیا ۔نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے فواد حسن فواد کے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی ،جبکہ نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے جسمانی ریمانڈکے لئے دلائل دیے۔نیب پراسیکیوٹر کی استدعا منظور کرتے ہوئے احتساب عدالت نے فواد حسن فواد کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔

اس موقع پر فواد حسن فوادکا کہنا تھا کہ میراکام صرف وزیراعظم کے احکامات پرعمل کروانا تھا،ٹھیکہ منسوخ کرنے کاکوئی حکم نہیں دیا اورمارچ2013کے بعد پنجاب حکومت اور پی ایل ڈی سی سے بھی کوئی تعلق نہیں رہا، نیب کے دلائل قابل قبول نہیں۔ان کا مزیدکہنا تھا کہ پی ایل ڈی سی افسران کے بیان پرمیرے خلاف کارروائی کی گئی، مجرموں کے بیان پرمجھے کٹہر ے میں کھڑاکرناہے توآپ کی مرضی ہے میں نے ٹھیکہ منسوخی کی انکوائری رپورٹ وزیراعلیٰ کوپیش کی تھی۔جبکہ وکیل فواد حسن فواد کا کہنا تھا کہ گھر سے کھانا منگوانے کی اجازت دی جائے اور اگرنیب کے پاس ریکارڈ ہےتوجسمانی ریمانڈ کیوں مانگ رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے فواد حسن فواد کے میڈیکل سے متعلق بھی درخواست دی ہے۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرسنل سیکرٹری فواد حسن فواد گزشتہ روز نیب میں پیش ہوئے تھے جہاں سوالات کا تسلی بخش جواب نہ دینے پر انہیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔