پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار کلینیکل سائیکالوجی کے زیر اہتمام دو روزہ کانفرنس کا آغاز

 
0
335

انسانی رویوں اور اقدا رکی قدر کی جانی چاہیے،کسی بھی انسان کے رویے کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے‘پروفیسر نیاز احمد
لاہور 06جولائی(ٹی این ایس) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد نے کہا ہے کہ ہمیں ہر شخص کے رویے اور معاشرتی اقدار کی قدر کرنی چاہئے اور کسی بھی انسان کے رویے کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے۔وہ پنجاب یونیورسٹی الرازی ہال میں ’ذہنی صحت پر عالمی چیلنجز کے اثرات‘ کے موضوع پر منعقدہ دو روزہ قومی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس کا انعقاد پنجاب یونیورسٹی سنٹر فارکلینیکل سائیکالوجی کے زیر اہتمام رفا انٹر نیشنل یونیورسٹی، بحریہ یونیورسٹی کراچی اور پاکستان ایسو سی ایشن آف کلینیکل سائیکالوجسٹس کے اشتراک سے کیا گیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر رفا انٹر نیشنل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد ، بحریہ یونیورسٹی ڈین اور ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ پروفیشنل سائیکالوجی پروفیسر ڈاکٹر زینب زادی، ڈائریکٹر پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار کلینیکل سائیکالوجی ڈاکٹر صائمہ داؤد ، صدر پاکستان ایسو سی ایشن آف کلینیکل سائیکالوجسٹس ڈاکٹر ناشی خان، فیکلٹی ممبران اور بڑی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ سوشل سائنسز کا شعبہ انجینئرنگ سے بھی گہرا تعلق ہے جہاں ہم کئی مسائل کا حل انسانی ضرورتوں کے پیش نظر انجینئرنگ کے ذریعے سے نکالتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کا طرز زندگی بہتربنانے اور معاشرے کی تعمیر و ترقی کیلئے یونیورسٹیوں کو اپنا بھرپور کردار اداکرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی نفسیاتی الجھنوں میں مبتلا افراد کی بحالی کے لئے کیمپس میں سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس طلبہ کیلئے بہترین موقع ہے کہ وہ سائنسدانوں کے خیالات اور تجربات سے استفادہ کر سکیں۔ڈاکٹر انیس احمد نے کہا کہ یہ جاننے کی اشد ضرورت ہے کہ ہم کیا کر رہے ہیں اور ہمیں کیا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی دانشورانہ صحت کا بھی خیال رکھنا چاہیے اور ساتھ ہی یہ بھی سوچنا چاہیے کہ کیا ہمیں دانشورانہ آزادی میسر بھی ہے یا نہیں؟ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم اسی انداز میں سوچتے ہیں جس انداز میں ہمیں غلام بنانے والوں نے سوچنے پر لگا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے مقامی مسائل کو مقامی ترکیب سے ہی حل کرنا چاہیے اور ہمیں سٹریس ، غصہ اور ڈپریشن سے نمٹنے کا فن سیکھنا چاہیے۔ ڈاکٹر صائمہ داؤد نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد کا مقصدپروفیشنلز اور ٹرینرز کو ذہنی صحت کو درپیش مسائل کے بارے تربیت فراہم کرنا ہے۔ کانفرنس بروز ہفتہ (آج) رفا انٹر نیشنل یونیورسٹی لاہور میں جاری رہے گی۔ کانفرنس میں پاکستان بھر سے شعبہ ذہنی صحت سے معروف پروفیشنلز اور طلبہ نے 18سیشنز میں 125تحقیقی مقالے پیش کر رہے ہیں۔