پاکستان نے ملکی سطح پر تیار کردہ دو مصنوعی سیارے چین کے خلائی راکٹ کے ذریعے مدار میں بھیج دئیے

 
0
387

مصنو عی سیارے چین کے راکٹ لانگ مارچ ایل ایم سی کے ذریعے بھیجے گئے/چین میں پاکستانی سفیر کی قوم کو مبارکباد 
بیجنگ /اسلام آبادجولائی 09(ٹی این ایس)پاکستان نے ملکی سطح پر تیار کردہ دو مصنوعی سیارے چین کے خلائی راکٹ کے ذریعے مدار میں بھیج دئیے، مصنو عی سیارے چین کے راکٹ لانگ مارچ ایل ایم سی کے ذریعے بھیجے گئے۔

سرکاری ریڈیو کے مطابق ان میں سے ایک ریموٹ سینسنگ سٹیلائٹ پی آر ایس ایس ون ہے جو زمینی تجزیے اور دوربینی سیٹلائٹ پرمبنی ہے۔ اس سیٹلائٹ کے بھجوائے جانے کے بعد پاکستان مدار میں اپنا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ رکھنے والے چند ممالک میں شامل ہوگیا ہے۔

پی آر ایس ایس ون زمین اور قدرتی وسائل کے جائزے قدرتی آفات کی نگرانی، زراعت، تحقیق، شہری تعمیرات اور ایک پٹی اور شاہراہ کے لئے ریموٹ سینسنگ معلومات کی فراہمی کے لئے استعمال کیا جائے گا۔

دوسرا سیارہ Pak Tes 1Aہے جسے سپارکونے تیار کیا ہے جس سے ملک میں سیٹلائٹ کی تیاری کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔چین میں پاکستان کے سفیر خالد مسعود نے سیارے بھجوائے جانے پر قوم کو مبارکباد دی ہے اور اسے خلائی ٹیکنالوجی میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔ انہوں نے سیٹلائٹ کو ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے اہمیت کا حامل قرار دیا ہے۔