شانگلہ جولائی 10(ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف اور زرداری کی ایک گیند سے وکٹ گرانے کا انتظار ہے، باپ بیٹی ایسے آرہے ہیں جیسے ورلڈ کپ جیت کریا کشمیر فتح کرکے آرہے ہیں، دونوں کوشرم سے سرجھکانا چاہیے، چوروں کے گارڈ فادر کو25 جولائی کوشکست دینی ہے۔ انہوں نے آج شانگلہ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیا پاناما کا انکشاف میں نے کیا تھا؟ کیا پاناما کا انکشاف اسٹیبلشمنٹ نے کیا تھا؟ نوازشریف نے 300 ارب کی چوری کا جواب دینا ہے۔
باپ اور بیٹی کودوسال دفاع کا موقع دیا گیا۔ شریف فیملی نے عدالت میں کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے اسمبلی، عدالت میں جھوٹ بولا جعلی کاغذات دیے۔ نوازشریف نے عدالت نے خط کے سوا کچھ نہیں دیا۔ ایسا لگ رہا ہے کہ باپ بیٹی ورلڈ کپ جیت کریا کشمیر فتح کرکے آرہے ہیں۔ دونوں کوشرم سے سرجھکانا چاہیے۔ جس منہ سے آئیں گے۔
کس منہ سے یہ لوگ لاہور واپس آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے امیر مقام کوبڑے بڑے ٹھیکے دیے۔ امیر مقام نوازشریف کا بغل بچہ ہے۔عمران خان نے کہا کہ ملک کولوٹنا نون لیگ اور پیپلزپارٹی کا مک مکا تھا۔ دونوں نے اقتدار میں فائدے اٹھائے۔ دونوں کے درمیان نورا کشتی اور فرینڈلی سیاست کا کھیل کھیلتے رہے۔ ہم نے دھاندلی کے خلاف دھرنا دیا تونوازشریف کوبچانے کیلئے آصف زرداری نے اس کا ساتھ دیا۔
پنجاب میں نوازشریف اور سندھ میں آصف زرداری گارڈ فادر ہے۔ میں انتظار کررہا ہوں کہ ایک گیند سے دونوں کی وکٹیں گراؤں۔ انہوں نے کہا کہ چوروں کے گارڈفادر کو25جولائی کوشکست دینی ہے۔ امیرمقام جیسے لوگوں کو25 جولائی کو شکست دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں آکر ان علاقوں میں سیاحت کوفروغ دیں گے۔