سابق وزیر اعظم نواز شریف اور انکی صاحبزادی مریم نواز گرفتاری کے بعدخصوصی طیارے کے ذریعے لاہور ائیرپورٹ سے اسلام آباد روانہ

 
0
441

لاہور13جولائی (ٹی این ایس) سابق وزیر اعظم نواز شریف اور انکی صاحبزادی مریم نواز کو نیب نے لاہور ائیرپورٹ پر طیارے سے گرفتار کر کے خصوصی  طیارے کے ذریعے  لاہور ائیرپورٹ  سے   اسلام آباد روانہ کر دیا گیا ہے ،اس سے پہلے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور انکی صاحبزادی مریم نواز کو ابوظہبی سے لانے والے طیارہ نے  لاہور ائیر پورٹ پر لینڈنگ کی جہاں ڈی جی نیب سلیم شہزاد کی قیادت میں نیب کی ٹیم نے انہیں گرفتار کیا۔مریم نواز کو  خواتین اہلکاروں نے گرفتار کیا ،اس سے پہلے  لاہور ائیرپورٹ کے قریب ن لیگ کے مشتعل کارکنوں اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔پولیس کی جانب سے مشتعل کارکنوں پر آنسو گیس کے شیلز کی فائرنگ کی گئی ہے جس کے باعث کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جبکہ کچھ مشتعل ن لیگی کارکن علامہ اقبال ائیرپورٹ کی حدود میں داخل ہونے میں بھی کامیاب ہوگئے ۔لاہور ائیرپورٹ کے اردگرد سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔یاد رہےاحتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو مجموعی طور پر 11 سال اور جرمانہ، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 8 سال قید اور جرمانہ جبکہ داماد کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر کو ایک برس قید کی سزائیں سنائی تھیں۔ کیپٹن (ر) صفدر کو پہلے ہی گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کیا جاچکا ہے۔اس سے قبل رات گئے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والے سابق وزیراعظم اور ان کی صاحبزادی ابوظہبی پہنچے جن کی گرفتاری کے سلسلے میں نیب کی 16 رکنی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ابوظہبی سے روانہ ہونے کے بعد دونوں کو شام سوا 6 بجے کے قریب پاکستان پہنچنا تھا تاہم پرواز تاخیر کا شکار ہوگئی۔نوازشریف اور مریم نواز کے ساتھ مرتضیٰ جاوید عباسی اور حنا پرویز بٹ سمیت (ن) لیگ کے 40 رہنما سفر کررہے  تھے ۔پولی کلینک نے نوازشریف اور مریم نواز کے طبی معائنے کے لیے تین رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے جس میں ڈاکٹر آصف عرفان، ڈاکٹر حامد اور ڈاکٹر اسما کیانی شامل ہیں۔بورڈ کے ارکان کو 13 جولائی سے 16 جولائی تک ہروقت تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ میڈیکل بورڈ ڈاکٹر امتیاز سے رابطے میں رہے گا۔ابوظہبی میں نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری کی رپورٹس پر پاکستانی سفارتی حکام کا کہنا ہے کہ ایسا ممکن نہیں اور نہ ہی انہیں نیب کی ٹیم کی متحدہ عرب امارات آمد کی کوئی اطلاع ہے۔سفارتی حکام کے مطابق ابوظہبی میں گرفتاری کے لیے کوئی قانون موجود نہیں، کسی ملزم یا مجرم کی گرفتاری کے لیے بین الاقوامی قوانین و ضوابط کو ملحوظ خاطر رکھنا ہوتے ہیں۔قومی احتساب بیورو (نیب) نے نواز شریف اور مریم نواز کو لاہور ایئرپورٹ سے ہی گرفتار کرنے کے لیے 16 رکنی ٹیم تشکیل دے رکھی ہے۔نیب حکام کے مطابق دو ٹیمیں لاہور ایئرپورٹ اور دو ٹیمیں اسلام آباد ایئرپورٹ پر تعینات کردی گئی ہیں جبکہ دو ہیلی کاپٹرز بھی لاہور ایئرپورٹ پہنچا دیئے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کو گرفتار کرنے کے بعد اسلام آباد لایا جائے گا جہاں سے انہیں اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری میں کسی قسم کی رکاوٹ ڈالنے والوں کےخلاف کارروائی کی جائے گی اور احتساب عدالت کی جانب سے جاری وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرائی جائے گی۔دوسری جانب روانگی سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ‘جیل کی کوٹھڑی اپنے سامنے دیکھ کر بھی پاکستان آرہا ہوں، وہ بھی سن لیں جو دعویٰ کر رہے تھے کہ وطن واپس نہیں آؤں گا’۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ’25 جولائی کا الیکشن سب سے بڑا ریفرنڈم ہوگا’۔(لاہور جولائی 13 (ٹی این ایس