اسلام آباد جولائی17(ٹی این ایس) انجمن تاجران جی الیون مرکز کے صدر چوہدری وقاص گجر کے اچانک انتقال کا معاملہ نیا رخ اختیار کر گیا،انہیں نشہ آور مشروب کے ذریعے باقاعدہ قتل کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے تفصیلات کے مطابق پولیس اسٹیشن ترنول میں درج مقدمہ نمبر 269/18 میں مقتول چوہدری وقاص گجر کے چچا چوہدری محمد یونس نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ 24 جون کی صبح انکے بیٹے کو جمشید نامی شخص نے بذریعہ موبائل فون اطلاع دی کہ وقاص گجر کو شدید علالت کے باعث اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں داخل کروایا گیا ہے جس پر میں اپنے بیٹے کے ساتھ متعلقہ ہاسپٹل پہنچا جہاں مقتول کو ہسپتال لانے والے اشخاص رانا مزمل اور جمشید نے بتایا کہ چوہدری وقاص گجر کو ہارٹ اٹیک کے باعث ہسپتال لایا گیا تھا تاہم وہ دم توڑ چکا تھا–مرحوم کی نماز جنازہ ان کے آبائی گائوں اداکی گئی ،سب نے ان کی موت کو طبعی موت تسلیم کر لیا،چند روز بعد جمشید نے انہیں بتایاکہ مرحوم کی موت طبعی نہیں تھی –جمشید نے بتایاکہ رانا مزمل نے وقاص گجر کو نشہ آور مشروب کی زیادہ مقدار دی ہے یا کوئی زہریلی شے کھلائی ہے –محمد یونس نے ان کے قتل کے واقعہ کی تحقیقات کرنے اورملزموں کو گرفتار کرنے کی استدعا کی ہے –دریں اثناء تفتیشی افسر عبدالغفورسب انسپکٹر نے ٹی این ایس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ تمام ملزمان فرار ہوگئے ہیں تاہم ان کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے-
انہوں نے بتایاکہ مقتول کی قبر کشائی کیلئے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دے دی گئی ہے- مقتول کی قبر کشائی اور پوسٹمارٹم کے بعد اصل حقائق صامنے آئیں گے-