گلیات میں انڈسٹری نہیں لگ سکتی ، یہاں سیروسیاحت کےلئے نئے پوائنٹس لگائیں گے، نوجوانوں کو ٹورازم کی ٹریننگ دیں گے: عمران خان

 
0
323

یہاں ایسی اسکیم شروع کریں گے جس سے لوگ سردیوں میں بھی یہاں آئیں گے ،پیسہ آئے گا تو پانی کا بھی مسئلہ حل ہو جائے گا: نتھیا گلی میں انتخابی اجتماع سے خطاب
اسلام آباد، جولائی 18 (ٹی این ایس): گلیات میں انڈسٹری نہیں لگ سکتی جو انڈسٹری لگانے کا کہہ رہا ہے وہ جھوٹ بول رہا ہے، یہاں سیروسیاحت کےلئے نئے پوائنٹس لگائیں گے، نوجوانوں کو ٹورازم کی ٹریننگ دیں گے،یہاں ایسی اسکیم شروع کریں گے جس سے لوگ سردیوں میں بھی یہاں آئیں گے ،پیسہ آئے گا تو پانی کا بھی مسئلہ حل ہو جائے گا۔
یہ بات تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آج نتھیا گلی میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر علاقے کو اللہ نے خصوصیات سے نوازا ہے، سیاح ہمیشہ گرمیوں میں گلیات کا رخ کرتے ہیں، جو خوبصورتی یہاں ہے وہ کہیں بھی نہیں ہے، ہم ہر سال یہاں سیروسیاحت کے نئے پوائنٹس بنائیں گے، جس سے مقامی لوگوں کےلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ آج دبئی میں پاکستانی صرف مزدوری کررہے ہیں جبکہ فلپائن اور بھارت کے لوگ اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں، ہم نوجوانوں کو ٹورازم کی ٹریننگ دیں گے، ہم نے گلیات میں سڑکیں بنائیں جس سے یہاں کا کاروبار دگنا ہو گیا ہے، ہم یہاں اسکیم شروع کرنے لگے ہیں جس سے لوگ یہاں سردیوں میں بھی آئیں گے، جب اس علاقے میں پیسہ آئے گا تو پانی کا بھی مسئلہ حل ہو جائے گا، کراچی، اسلام آباد اور دیگر شہروں میں پانی کی شدید قلت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں پولیس کو غیر جانبدار کیا، شہباز شریف نے مجھ پر 32جعلی ایف آئی آرز کٹوائیں، نگران حکومت غیر جانبدار ہوتی ہے، امید کرتا ہوں نگران وزیراعلیٰ غیر جانبدار رہیں گے، شہباز شریف کو بھی اڈیالہ جیل جانا ہے، الیکشن کے حوالے سے اچھی خبریں نہیں آرہیں، عوام کو کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ گلیات والے بتائیں کہ کیا آپ کے حالات مری سے بہتر ہیں؟ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ حالات بہتر ہوئے ہیں تو آپ نے 25جولائی کو الیکشن کےلئے نکلنا ہے۔بعد ازاں جہلم میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ دس برسوں میں ملکی قرضے چھ ارب سے بڑھ کر27 ارب ہوگئے ہیں، کرپٹ آدمی کرپشن ختم نہیں کرسکتا۔پی ٹی ا?ئی سربراہ کا کہنا تھا کہ اقتدار کا موقع ملا تو ٹیکس کی شرح میں کمی لائیں گے۔ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی کرپشن سےملک مقروض ہو گیا ہے جس کا بوجھ مہنگائی کے ذریعے عوام پر ڈال دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک سےکرپشن کا خاتمہ کر کے آمدن بڑھائیں گے۔