لیپرڈ کورئر سروس کی غفلت کی وجہ سے دو سینٹرز پر امتحانی مواد تاخیر سے پہنچنے کے باعث ایف آئی اے میں بھرتیوں کے لئے ٹیسٹ ملتوی کیا گیا ،ڈائریکٹر او ٹی ایس محمد فہیم

 
0
586

اسلام آباد جولائی 21(ٹی این ایس)ڈائریکٹر اوپن ٹیسٹنگ سروسز (او ٹی ایس) محمد فہیم نے کہا ہے کہ ایف آئی اے میں بھرتیوں کے لئے ہونے والے ٹیسٹ کے انتظامات میں بدانتظامی کے الزامات بے بنیاد ہیں ۔۔لیپرڈ کورئرسروسز کی غفلت کی وجہ سے دو سینٹرز پر امتحانی مواد تاخیر سے پہنچنےکے باعث ٹیسٹ ملتوی کیا گیا۔
ہفتہ کو ٹی این ایس سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے میں بھرتیوں کے لئے ہونے والے ٹیسٹ سے متعلق خبریں سیاق و سباق سے ہٹ کر چلائی گئیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے 105 شہروں میں ایف آئی اے میں بھرتیوں کے لئے ٹیسٹ ہو رہے تھے لیکن صرف راولپنڈی کے 2 سینٹرز گورنمنٹ کمپری ہنسیو سکول اور گارڈن کالج راولپنڈی میں لیپرڈ کورئر سروس کی غفلت کے باعث امتحانی مواد بروقت نہیں پہنچ سکا جس کے باعث ان 2 سینٹرز پر امتحان ملتوی کر دئیے گئے ۔
انہوں نے کہا کہ او ٹی ایس نے کسی بھی امیدوار سے کوئی بھی رقم وصول نہیں کی لیکن ایسے امیدوار جو اپنے امتحانی سینٹرز کو تبدیل کروانا چاہتے تھے ان سے طے شدہ فیس وصول کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ان معاملات کی ایف آئی اے بھی انکوائری کر رہی ہے انکوائری مکمل ہونے کے بعد غفلت برتنے والوں کے نام سامنے آ جائیں گے انہوں نے کہا کہ امیدواروں کی آگاہی کے لئے ویب سائٹ پر ضروری معلومات فراہم کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ ٹی این ایس نے 2 روز قبل ایف آئی اے میں بھرتیوں کے لئے ہونے والے ٹیسٹ میں بدانتظامی اور بدعنوانی کی نشاندہی کی تھی۔