سیاسی رہنماؤں کو امن اور جمہوری عمل کے دشمن نشانہ بنا رہے ہیں، آرمی چیف

 
0
441

راولپنڈی جولائی 22(ٹی این ایس)پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا ڈیرہ اسماعیل خان خودکش حملے میں اکرام اللہ گنڈاپور کی شہادت پر مذمت کرتے ہوئے کہنا ہے کہ سیاسی رہنماؤں کو امن اور جمہوری عمل کے دشمن نشانہ بنا رہے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اکرام اللہ گنڈا پور کی خودکش حملے میں شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم ایک اور محب وطن سیاسی رہنما سے محروم ہوگئے ہیں جب کہ سیاسی رہنماؤں کو امن اور جمہوری عمل کے دشمن نشانہ بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم پر عزم اور ثابت قدم ہیں، ہمارے شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر نے ڈیرہ اسماعیل خان میں خودکش حملے میں پی ٹی آئی امیدوار اکرام اللہ گنڈاپور پر حملے کی شدید مذمت کی۔چیف الیکشن کمشنر نے نگراں وزیراعلیٰ، آئی جی اور چیف سیکرٹری کے پی کے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ ہدایات کے باوجود سیکیورٹی کا مناسب انتظام کیوں نہیں کیا جاتا؟چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام امیدواروں کو بلا امتیاز سیکیورٹی فراہم کی جائے اور انتخابات کے لیے ماحول پر امن اور سازگار بنایا جائے۔

یاد رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں ہونے والے خودکش حملے میں پی ٹی آئی کے امیدوار اکرام اللہ گنڈا پور شہید ہوگئے جب کہ حملے میں 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔اکرام اللہ گنڈا پور پختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 99 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار تھے۔