نواز شریف، مریم اور صفدر کے گھر کو سب جیل قرار دینے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

 
0
365

لاہور جولائی 23( ٹی این ایس) مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کے گھر کو سب جیل قرار دینے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ۔وطن پارٹی کے سربراہ بیرسٹر ظفراللہ نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے گھروں کو سب جیل قرار دینے کے لیے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کی ہے جس میں وفاقی حکومت، چیف سیکرٹری پنجاب، ہوم سیکرٹری اور آئی جی جیل خانہ جات کو فریق بنایا گیا۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز نے بیرون ملک سے آکر خود گرفتاری دی ہے،

سابق وزیر اعظم کو ایک ریفرنس میں سزا ہوئی ہے جبکہ دیگر ریفرنسز احتساب عدالت میں زیر سماعت ہیں۔نواز شریف تین بار ملک کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں، اس لئے قانونی طور پر ان کے گھر کو سب جیل قرار دیا جا سکتا ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے گھر کو سب جیل قرار دینے کا حکم دیا جائے۔واضح رہے کہ نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور انہیں ان کے سیاسی مرتبے کے مطابق خصوصی سہولیات میسر ہیں۔