برطانیہ کو ناقص آم برآمد , اربوں روپے کا نقصان

 
0
272

انگلستان سمیت پورے یورپ کوآموں کی برآمد خطرے میں پڑگئی ،آموں کی 8کھیپ ناقص نکلیں برطانوی حکام نے انہیں تلف کرکے اخراجات پاکستانی برآمد کنندگان سے وصول کیے
تلف کیے گئے آموں کی مالیت 13ملین امریکی ڈالر تھی ،آم سمیت تمام پھلوں کی مانیٹرنگ مزید سخت کردی جائے ،برآمدکنندگان کی حکومت سے درخواست
کراچی جولائی 23(ٹی این ایس)پاکستان سے برطانیہ کو ناقص آموں کی شپمنٹ سے نہ صرف ملک کو اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے بلکہ خراب آم بھیجنے پر برطانیہ سمیت یورپ بھر میں پاکستانی آموں کی بر آمدات کو بھی خدشات لاحق ہوگئے ہیں،بتایا جاتا ہے کہ پاکستان سے برطانیہ کو بھیجے جانے والے آموں کی آٹھ کھیپ ناقص نکلیں جس پر برطانیہ کے محکمہ قرنطینہ نے نہ صرف مذکورہ آموں کی کھیپوں کو تلف کردیا بلکہ ان آموں کو تلف کرنے کے اخراجات بھی پاکستانی بر آمد کنندگان سے وصول کیے ،ذرائع کا بتانا ہے کہ برطانیہ میں پاکستانی آموں کی تلف کی جانے والی کھیپ کی مالیت13ملین امریکی ڈالر کے لگ بھگ ہے

جبکہ اس کھیپ کو تلف کیے جانے والے اخراجات اس کے علاوہ ہیں، پاکستان سے یورپ کو آم کی بر آمد 6500ٹن کے لگ بھگ ہے جبکہ پاکستان سے آنے والے آموں کی کھیپ ناقص نکلنے پر برطانیہ سمیت یورپ بھر میں پاکستانی آموں کی بر آمدات کو خدشات لاحق ہوگئے ہیں اور بر آمد کنندگان نے اس ضمن میں ڈپارٹمنٹ آف پلانٹ پروٹیکشن اور محکمہ قرنطینہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان سے یورپ کو بر آمد کیے جانے والے آم اور دیگر پھلوں کی مانیٹرنگ مزید سخت کردی جائے تا کہ ناقص اشیا کی بر آمدات کے واقعات کو روکا جاسکے ،واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستان سے ناقص آم کی بر آمد پر یورپی ممالک نے 5کھیپ مسترد ہونے کی شرط عائد کردی تھی ،تاہم خوش قسمتی سے 8کھیپ مسترد ہونے پر تاحال برطانیہ کی جانب سے پاکستان پر پابندی کے حوالے سے اقدامات سامنے نہیں آئے ہیں مگر اس حوالے سے پاکستانی بر آمدکنندگان اور متعلقہ محکموں کو سنجیدہ ہونے کی ضرورت ہے ۔