کے یو جے کی میڈیا کے نمائندوں سے بدتمیزی اور کوریج میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی مذمت

 
0
329

کراچی جولائی 25(ٹی این ایس )کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) نے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر میڈیا کے نمائندوں سے بدتمیزی اور میڈیا کوریج میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی مذمت کی ہے ۔کے یو جے کے صدر طارق ابوالحسن ، سیکریٹری حامد الرحمن اور مجلس عاملہ نے بدھ کو جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں پولنگ اسٹیشنز پر صحافیوں کے ساتھ بدتمیزی کے واقعات کی نہ صرف مذمت کرتے ہیں بلکہ الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان واقعات کا نوٹس لیں ۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ سلسہ جاری رہا تو الیکشن کمیشن کے کردار اور شفاف انتخابات پرضرور سوالات اٹھائے جائیں گے ۔واضح رہے کہ کراچی کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر میڈیا کے نمائندوں سے بدتمیزی اور میڈیا کوریج میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی متعدد شکایتیں موصول ہوئی ہیں جہاں صحافیوں کو انتخابی عمل کی کوریج کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔