جنگجوؤں کو روکنا ذمہ داری،ورنہ عراق میں کارروائی کریں گے،ایران کی دھمکی

 
0
313

عراقی کردستان دہشت گردوں کو پناہ دے رہا ہے،تمام تر ذمہ داری اسی کی حکومت پر عائد ہوگی،بیان
بغداد26جولائی(ٹی این ایس)ایران نے عراقی حکومت کو خبر دار کیا ہے کہ اگر اس نے سرحد پار سے کْرد عسکریت پسندوں کے حملے نہ روکے تو ایرانی فوج عراق کے اندر داخل ہو کر کردوں کے خلاف کارروائی کرے گی۔

عرب ٹی وی کے مطابق ایران کی طرف سے یہ دھمکی عراق کی سرحد پرباسیج ملیشیا کے اہلکاروں کی کرد جنگجوؤں کے حملے میں ہلاکت کے چند روز بعد سامنے آئی ہے،ایران کے ایک سیکیورٹی عہدیدار نے کہا کہ اگر عراق نے سرحد پار سے کرد جنگجوؤں کے حملے بند نہ کرائے تو ہمیں مجبور اپنی فوج عراق کے اندر داخل کرنا پڑے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کْرد جنگجوؤں کو روکنا عراقی حکومت اور اس کے سیکیورٹی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ اگرسرحد پار سے حملے جاری رہے تو اس کی ذمہ داری عراقی حکومت پرعاید ہوگی۔ایرانی عہدیدار نے کہا کہ کسی پڑوسی ملک کو ایران کے خلاف سرگرم گروپوں کو تحفظ فراہم نہیں کرنا چاہیے۔ عراقی صوبہ کردستان میں ایسے عناصر موجود ہیں جو ایران پر حملے کررہے ہیں۔

اس سے قبل ایرانی وزارت داخلہ کے معاون برائے سیکیورٹی امور حسین ذوالفقاری نے خبردار کیا تھا کہ عراقی کردستان ایران مخالف کرد تنظیموں کو اپنے ہاں پناہ دینے کے ساتھ ان کی ہرممکن مدد کررہا ہے۔ اْن کا کہنا تھا کہ عراقی کردستان ایران دشمن کرد جنگجوؤں کا گڑھ بن چکا ہے اور کردستان کی صوبائی حکومت کرد جنگجوؤں کو ایران کے خلاف استعمال کرنے میں معاونت کررہی ہے۔خیال رہے کہ چند روز قبل ایران کے سرحدی علاقے مریوان میں باسیج ملیشیا اور کرد جنگجوؤں میں ہونے والی جھڑپ میں کم سے کم گیارہ ایرانی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔